Monday June 16, 2025

پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کردی، امریکا کو بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم نظر نہیں آتے؟

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے مذہبی آزادی کیخلاف ممالک کی فہرست میں شامل کیے جانے کے امریکی اقدام کو مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فہرست پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے ۔ پاکستان نے امریکی اقدام کو یکست مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دے دیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو مذہبی آزادی کیخلاف ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کو مسترد کرتے ہیں۔

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل کرنے کا امریکی اقدام کسی طور منظور نہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو مذہبی آزادی کے خلاف فہرست میں شامل کرنا حقائق کے منافی ہے ۔ امریکا کے اس عمل سے شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں ۔ ایسے غلط اندراج سے دنیا بھر میں مذہبی آزادی کے مقصد کو نقصان پہنچانے کا باعث ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ اس موضوع پر باہمی طور پر کام کرتے رہے ہیں ۔ افسوس کی بات ہے کہ امریکہ کی طرف سے اس حقیقت کو نظر انداز کیا گیا ۔پاکستانی معاشرہ مختلف مذاہب اور مذہبی ہم آہنگی پر مشتمل ہے ۔ پاکستان کا آئین ہر قسم کی مذہبی آزادی اور اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے ۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک نظر انداز کرنے سے امریکی رپورٹ پر سوالات جنم لیتے ہیں ۔ زاہد حفیظ چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف ریاست کی سرپرستی میں تشدد ریکارڈ کا حصہ ہے ۔ پاکستان نے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری رپورٹ کے معاملے پر امریکہ سے جائزہ لینے کا کہا ہے، اس حوالے سے امریکہ کو آگاہ کر دیا گیاہے ۔