Monday June 16, 2025

مجھے دوسرا عمران خان نہیں بننا۔۔۔بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے سیاست میں آتے ہی بڑی خواہش کا اظہار کردیا

ڈھاکہ (ویب ڈیسک) بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان اور فاسٹ بائولر مشرفی مرتضی کا کہنا ہے کہ وہ دوسرا عمران خان نہیں بننا چاہتے ۔ بنگلہ دیش ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضی 30 دسمبر کو پارلیمنٹ الیکشن میں حکمراں جماعت عوامی لیگ کی نشست سے امیدوار ہیں۔ 37 سالہ فاسٹ باؤلر نے ایک انٹرویو میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری ایمانداری سے کہیں گے کہ ماضی کے کرکٹر اور کپتان عمران خان آج جس مقام پر موجود ہیں وہاں پہنچنے کا خواب بہت سے لوگ دیکھتے ہیں لیکن ان کی خواہش ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کچھ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ وہ خود ایک کھلاڑی ہیں اس لیے وہ صرف اسی فیلڈ تک محدود رہنا چاہیں گے۔ مشرفی مرتضی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے آبائی علاقے ناریل کے لیے کچھ بڑا کرنا چاہتے ہیں ۔ یاد رہے کہ مشرفی مرتضی اپنے علاقے ناریل میں ہسپتالوں کے لیے ایمبولینسز دینے کے ساتھ ساتھ کاشت کاروں میں چاول کے بیچ بھی تقسیم کرچکے ہیں۔ 2001ء سے 2017ء کے دوران 36 ٹیسٹ میں 78 اور 54 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 42 وکٹیں حاصل کرنے والے مشرفی مرتضی دونوں فارمیٹس سے ریٹائرڈ ہوچکے ہیں جب کہ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 2001ء سے اب تک 220 میچز میں 32.93 کی اوسط سے 270 وکٹیں اپنے نام کررکھی ہیں۔