Sunday May 19, 2024

عمان سے ہزاروں بھارتیوں کی واپسی ۔۔۔ خلیجی ریاست سے بھارتی شہریوں کاصفایا ہونے لگا

مسقط(نیوز ڈیسک) کورونا کی وبا کے دوران کویت کی جانب سے لاکھوں بھارتیوں کو واپس بھجوانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس کے بعد اب عمان سے بھی ہزاروں بھارتیوں کی وطن واپسی شرو ع ہو گئی ہے۔ مسقط میں مقیم ایک بھارتی سوشل ورکر نے بتایا کہ عمان سے ہزاروں بھارتی کارکنان خراب معاشی حالات کے باعث اپنے وطن لوٹ چکے ہیں، جبکہ 31 دسمبر سے قبل مزید 5 ہزار بھارتیوں کی واپسی ہو جائے گی۔

سوشل ورکر جابر نے بتایا کہ مارچ 2020ء میں کورونا وبا کے دوران ہونے والے لاک ڈاؤن اور خراب معاشی حالات کے باعث بھارتی باشندوں کی بہت بڑی گنتی واپس جا چکی ہے، اس وقت عمان میں بہت کم بھارتی شہری بچے ہیں۔رواں ماہ کے دوران مزید پانچ ہزار واپس چلے جائیں گے۔ جابر نے بتایا کہ وہ مسقط میں پچھلی تین دہائیوں سے مقیم ہے، اور یہاں موجود پریشان حال بھارتیوں کی انڈین سفارت خانے کے ساتھ مل کر مدد کرتا رہا ہے۔ عمانی حکومت کی جانب سے کچھ ماہ قبل اعلان کیا گیا تھا کہ جن افراد پر ویزہ یا رہائشی پرمٹس سے متعلق جرمانے عائد ہیں، اگر وہ 31 دسمبر سے قبل اپنے وطن واپس چلے جائیں تو ان پر عائد یہ تمام جرمانے معاف کر دیئے جائیں گے۔ جس کے بعد بھارت سمیت دیگر کئی ممالک کے سفارت خانوں پر واپسی کی رجسٹریشن کے لیے رش لگ گیا تھا۔ سال 2020ء کے اختتام سے قبل ایک اندازے کے مطابق مزید پانچ ہزاربھارتی شہری وطن واپس چلے جائیں گے۔ اس وقت سینکڑوں خاندان اپنی واپسی کے پراسس کے لیے ضروری دستاویزات جلد از جلد بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

FOLLOW US