Tuesday April 30, 2024

ترک فوج نے آذربائیجان کے علاقے نگورنو کاراباخ کا کنٹرول سنبھال لیا

باکو (ویب ڈیسک) ترک فوج نے آذربائیجان کے علاقے نگورنو کاراباخ کا کنٹرول سنبھال لیا، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان طے پائے معاہدے کے تحت ترکی اور روس نے امن فوجی دستے جنگ زدہ علاقے میں تعینات کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق روس اور ترکی کے امن فوجی دستے نگورنو کاراباخ پہنچ گئے ہیں۔ ترک فوج نے بھی روس کے فوجی دستوں کے ساتھ آبزرویشن پوسٹس قائم کر لی ہیں۔ آرمینیا کی شکست کے بعد معاہدے کے تحت روس اور ترکی کے امن فوجی دستے کاراباخ میں رہیں گے۔ آرمینیا کے مکمل انخلا کے بعد کاراباخ کا کنٹرول آذربائیجان کو دے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آذربائیجان کے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ میں جنگ ختم کرنے کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔ گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان مکمل جنگ بندی کا معاہدہ ہو گیا ہے۔ آذربائیجان، آرمینیا اور روس کے درمیان نگورنو کاراباخ میں 3 ہفتوں سے جاری جنگ کو بند کرنے کا معاہدہ طے پایا۔ اس حوالے سے آرمینیا کے وزیراعظم نے کہا کہ نگورنو کاراباخ سے متعلق معاہدہ میرے لیے تکلیف دہ ہے۔ اس معاہدے کے بعد آرمینیا کے عوام نے مشعل ہو کر وزیراعظم آفس پر دھاوا بولتے ہوئے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ۔ جبکہ آذربائیجان میں معاہدہ طے پانے کے بعد فتح کا جشن منایا جا رہا ہے۔ جشن کے دوران آذربائیجان کی عوام نے ترکی اور پاکستان کے پرچم بھی لہرائے۔ واضح رہے کہ 90 کی دہائی میں آرمینیا نے آذربائیجان کے علاقے نگورنو کاراباخ پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس علاقے پر کنٹرول کیلئے کئی جنگیں ہوئیں، تاہم اب تقریباً 3 دہائیوں کی جدوجہد کے بعد آذربائیجان اپنے مقبوضہ علاقے کو آزاد کروانے میں کامیاب ہوگیا۔

FOLLOW US