Tuesday May 21, 2024

جوبائیڈن بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب، صدارتی امیدوار کی جماعت نے اہم ترین امریکی ریاست میں دہائیوں بعد پہلی مرتبہ فتح حاصل کر لی

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ہمیں عوام نے مینڈیٹ دیا ہے، گزشتہ 24سالوں میں پہلی بارڈیموکریٹس نے ریاست ایریزونا میں کامیابی حاصل کی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم300الیکٹورل ووٹ جیت جائیں گے، امریکی تاریخ میں پہلی بار74ملین سے زائد ووٹ حاصل کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام نے مینڈیٹ دیا ہے کیونکہ عوام اس ملک کو جوڑنا چاہتے ہیں، آپ کاووٹ گنا جائے گا،چاہے مخالفین کتنی بھی مزاحمت کریں، ہماری سیاست کا اولین مقصد عوامی مسائل کو حل کرنا ہے۔

ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں جانتا ہوں کہ کسی کو کھونے کا دکھ کیا ہوتا ہے، ہم سیاست میں مخالف ضرور ہیں مگر کسی کے دشمن نہیں، بطور صدر مجھ پر تمام عوام کی ذمہ داری ہوگی۔ امریکہ کے نئے ممکنہ صدر نے کہا کہ کورونا وائرس سے لاکھوں امریکی جان سے گئے جس کا ہمیں بے حد افسوس ہے، امریکہ میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے، کوروناوائرس سے 2کروڑ سے زائد لوگ بیروزگار ہوئے، عالمی وبا پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔جوبائیڈن نے کہا کہ امریکی عوام نے ماحولیات اورمعیشت کی بہتری کیلئے ووٹ دیا،انتشار اور اختلافات میں الجھ کر وقت ضائع نہیں کرناچاہتا، ہمارا معاشی منصوبہ کورونا کے بعدنقصان پرقابو پانے کیلئے ہوگا، صدارتی انتخابات میں واضح برتری حاصل کریںگے، جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 24سالوں میں پہلی بارڈیموکریٹس نے ریاست ایریزونا سے کامیابی حاصل کی ہے، ہم مجموعی طور پر300الیکٹورل ووٹ جیت جائیں گے، تاریخ میں پہلی بار74ملین سے زائدووٹ حاصل کیے۔

FOLLOW US