Saturday April 20, 2024

بین الاقوامی ادارے نے پاکستانی مصنف کو برین آف دی ایئر کے اعزاز سے نواز دیا

لاہور (نیوز ڈیسک) برطانیہ کے بین الاقوامی ادارے برین ٹرسٹ کی جانب سے اس سال کا ’’برین آف دی ایئر ایوارڈ‘‘ پاکستانی مصنف عارف انیس کو دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف مصنف اور کالم نگار عارف انیس برطانیہ کے بین الاقوامی سطح پر مقبول ادارے برین ٹرسٹ کی جانب سے اس سال کا ’’برین آف دی ایئر ایوارڈ‘‘ جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برین ٹرسٹ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عارف انیس کویہ ایوارڈ ان کی کورونا وائرس کے دوران سماجی خدمات پر دیا گیاہے۔

رپورٹ کے مطابق عارف انیس نے دو پاکستان نژاد برطانوی شہریوں سلیمان رضا اور بلال ثاقب کے ساتھ مل کر ’’ون ملین میلز‘‘ کی کیمپین چلائی تھی جس کے تحت برطانوی ہیلتھ سروس اور ہسپتالوں میں مفت کھانے فراہم کیے گئے تھے۔ مصنف عارف انیس کی اس مہم کو بین الاقوامی سطح پر کافی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم اور ورلڈ باکسنگ چیمپئن عامر خان نے بھی ان کی اس مہم کو سپورٹ کیا تھا۔ واضح رہے کہ برین ٹرسٹ ہر سال یہ اعزاز بین الاقوامی سطح پر انسانی فلاح و بہبود کی غیر معمولی خدمات سرانجام دینے والوں کو دیتا ہے۔ عارف انیس یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل عالمی سطح پر پذیرائی کے حامل مقرر اور ٹرینر عارف انیس لندن میں گلوبل سمٹ 2019 میں ’گلوبل مین آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں ۔ گلوبل مین آف دی ایئر کا ایوارڈ ہر سال ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جو عالمی سطح پر امن عامہ، انسانی ترقی اور بہبود، تعلیم و تربیت کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کرتی ہیں ۔ عارف انیس انسانیت کی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں میں پیش پیش رہتے ہیں۔

FOLLOW US