واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ملک میں کورونا وائرس کے بحران کے خلاف جنگ میں کامیابی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اس دعوے کی کوئی حقیقت نہیں ہے بلکہ ان کی پالیسیوں کی بدولت امریکی شہریوں کو خطرات درپیش ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نینسی پیلوسی نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ لوگوں پر یہ ظاہرکررہے ہیں کہ ان کی بہترپالیسیوں کی بدولت انہوں نے کورونا وائرس پر قابو پا لیا ہے لیکن حقیقت میں ایسا بالکل بھی نہیں ہے
ان کے اس دعوے کی کوئی حقیقت اوربنیاد نہیں ہے بلکہ ان کی پالیسیاں اور کورونا وائرس کے خلاف حکومتی اقدامات میں ناکامی ملک کے لیے انتہائی تباہ کن اور خطرناک ہے اس لیے یہ بہتر ہے کہ وہ کورونا وائرس کے بحران کو سیاسی مسئلہ نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کورونا وائرس کے حکومتی اقدامات میں ناکامی کے باعث طویل المدتی نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں کورونا وائرس کا ٹیسٹنگ پروٹوکول کارآمد ثابت نہیں ہوا ہے اور صدرٹرمپ کے کئی ساتھی کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ نینسی پیلوسی نے کہا کہ انہوں نے جمعہ اور پیر کو اپنے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے تھے جو منفی آئے اورہم کانگریس اراکین کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔