Friday March 29, 2024

شارجہ میں منچلا نوجوان 278 کلومیٹر فی گھنٹہ کی طوفانی رفتار سے گاڑی چلانے پر گرفتار

شارجہ(ویب ڈیسک) شارجہ میں ایک نوجوان کو پولیس نے انتہائی طوفانی رفتار سے گاڑی چلانے پر گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ نوجوان 278 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ڈرائیونگ کر رہا تھا۔ شارجہ پولیس کے مطابق رواں سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران 274 ایسے افراد پکڑے گئے جو 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گاڑی چلا کر نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان بھی خطرے میں ڈال رہے تھے۔ شارجہ پولیس کے ٹریفک انجینئرنگ سیکشن کے ڈائریکٹر میجر مشال بن خادم نے بتایا کہ اکثر نوجوان حدِ رفتار کی خوفناک خلاف ورزی کر رہے ہیں، یہ تیز رفتاری ہی جان لیوا حادثات کا باعث بن رہی ہے۔

اسی وجہ سے حدِ رفتار سے تجاوز کرنے اور انتہائی تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں کے لیے بھاری جرمانوں اور سزاؤں کا اعلان کیا گیا ہے۔ میجر بن خادم کے مطابق اگر کوئی شخص 80 کلومیٹر حدِ رفتار والی سڑک پر اس سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلاتا پکڑا جائے تو اس پر 3 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کی گاڑی 60 روز کے لیے ضبط کر لی جائے گی ۔ اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس پر 23 بلیک پوائنٹس کا اندراج ہو گا۔ کیونکہ گاڑی تیز رفتار سے چلانے کے باعث اس کے قابو سے باہر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ ایسی صورت میں ایمرجنسی میں بریک لگانا یا دیگر گاڑیوں سے تصادم سے بچنا مشکل ہو جاتا ہے۔ جس کے باعث خوفناک حادثات پیش آتے ہیں جن میں انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوتا ہے یا پھر عمر بھر کی معذوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شارجہ پولیس کے گاڑیاں ضبط کرنے والے ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر میجر مرزوق النقبی نے بتایا ہے کہ رواں سال کے دوران سنگین خلاف ورزیوں پر ضبط کی گئی 2,579 گاڑیاں ان کے مالکان کو واپس کر دی گئی ہیں۔

FOLLOW US