میڈرڈ (ویب ڈیسک) اسپین مغربی یورپ میں کورونا وائرس کے 5 لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ سر فہرست۔ ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ تک ہوا جب وائرس کی دوسری لہر کے ساتھ اسکولوں کو کھول دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسپین میں کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین میں کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جو کہ مغربی یورپ کے کسی بھی دوسرے ملک کی نسبت سب سے زیادہ تعداد ہے۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسپین میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 25 ہزار 449 ہو گئی ہے جبکہ جمعہ کے دن تک یہ تعداد 4 لاکھ 98 ہزار 989 ریکارڈ کی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ لہر سے سب سے زیادہ متاثر نوجوان ہوئے ہیں جن میں وائرس کی علامات بھی واضح طور پر ظاہر نہیں ہوئیں۔ یاد رہے کہ اسپین میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضاٖفے کے باوجود رواں ماہ سے اسکول کھول دیے گئے ہیں۔ اسکول دوبارہ کھلنے پر والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بچوں کو سکول بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سپین کے ساحلی صوبہ کاسٹیلون کے دارالحکومت کاسٹیلون ڈی لا پلانا کی رہائشی اروا میرانڈا نے کہا کہ سیکھنے کا عمل پوری زندگی جاری رہتا ہے لیکن صحت نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے، اور کورونا وائرس کی وباء کے دوران اسکول جانا ایک تجربے کی طرح ہے اس لیے میں اپنے 8 سالہ بچے کو اسکول بھیج کر اس پر تجربہ نہیں کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اسکولوں میں ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا ضروری ہے لیکن یہ صحت کے تحفظ کے لیے کافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ گھر میں 10 سے زیادہ لوگوں سے نہیں مل سکتیں تو وہ کیسے کلاس میں 25 بچوں کے ساتھ اپنے بیٹے کو چھوڑ سکتی ہیں اور یہ بات سمجھ سے بالاتر اور مضحکہ خیز ہے۔