بیجنگ (ویب ڈیسک) چین نے اروناچل پردیش کو بھارتی ریاست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، ترجمان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ریاست دراصل چین کے جنوبی تبت ریجن کا حصہ ہے، بھارتی فوجیوں کے اغوا سے متعلق ہمارے پاس کوئی معلومات نہیں۔ تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے پیر کے روز جاری کیے گئے بیان نے بھارت میں کھلبلی مچا دی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاو لی جیان کی جانب سےکہا گیا ہے کہ چین ریاست اروناچل پردیش کو بھارت کا علاقہ تسلیم نہیں کرتا۔ چین نے کبھی بھی اس علاقے کو بھارت کا حصہ تسلیم نہیں کیا۔
بھارتی ریاست اروناچل پردیش دراصل چین کے جنوبی تبت ریجن کا حصہ ہے۔ چینی ترجمان وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ چین اور بھارت کی سرحد پر 5 بھارتی فوجیوں کے اغوا سے متعلق معلومات موجود نہیں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت کے علاقے میں 5 بھارتی فوجی لاپتہ ہوئے ہیں اور اس حوالے سے چینی فوج سے رابطہ کیا گیا ہے۔ تاہم وزارت خارجہ کے پاس اس حوالے سے فی الحال تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ چین اور بھارت کی فوجوں کے درمیان سرحدی علاقے میں کئی ہفتوں سے حالات کشیدہ ہیں۔ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان سرحدی علاقے میں متعدد جھڑپیں ہو چکی ہیں۔ ان جھڑپوں کے دوران بھارت کے درجنوں فوجی ہلاک کیے جا چکے، جبکہ چینی فوج بھارت کے زیر انتظام علاقے کے بڑے حصے پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو چکی۔ اس حوالے سے بھارت کے اندر سے بھی اپنی حکومت کیخلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بھارتی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان موجودہ کشیدگی 60 کی دہائی میں پیدا ہونے والی کشیدگی سے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔