ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عدالت نے جمال خشوگی قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا، 8 ملزمان کو طویل قید کی سزا دے دی گئی، 5 ملزمان کو 20 سال جبکہ 3 ملزمان کو 7 سے 10 سال قید کاٹنا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کرمنل کورٹ کی جانب سے سعودی صحافی جمال خشوگی قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عدالت نے جمال خشوگی قتل میں ملوث 8 افراد کیلئے سخت سزائیں سنائی ہیں۔ تمام 8 افراد کو جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سعودی صحافی کے قتل میں ملوث 5 ملزمان کو 20 سال قید کی سزا جبکہ 3 ملزمان کو 7 سے 10 سال جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت کے ناقد صحافی جمال خشوگی کو 12 اکتوبر 2018 میں قتل کر دیا گیا تھا۔ جمال خشوگی کو ترکی میں واقع سعودی سفارت خانے میں قتل کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں ان کی لاش بھی برآمد نہیں ہوئی تھی۔ اس کیس کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پر بھی سنگین الزامات عائد کیے گئے، تاہم یہ الزامات کسی عدالت میں ثابت نہ ہو سکے۔ اب سعودی عدالت نے 2 سال کے ٹرائل کے بعد اس کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔