Saturday June 21, 2025

سعودی عرب مسئلہ فلسطین کا شفاف حل چاہتا ہے سعودی فرماں رواں شاہ سلمان نے امریکی صدر پر واضح کردیا

ریاض (ویب ڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا کہنا ہے کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کا شفاف حل چاہتا ہےسعودی فرماں رواں شاہ سلمان اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبد العزیز اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے جی 20 اجلاس اور اس کی تیاریوں پر بات چیت کی گئی۔اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات کے معاہدے،

مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق رات گئے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں جی 20اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے سعودی عرب کے اقدامات، گروپ کے رکن ممالک کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات، کورونا کی وبا کے اثرات کم کرنے ،کورونا کے عالمی معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات کم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین نے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی جی 20 سربراہ کانفرنس میں کورونا وبا کے انسانی اور معاشی اثرات کے حوالے سے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے پر زوردیا۔عرب میڈیا کے مطابق شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب امن کی کاوشوں کے لیے امریکی کوششوں کو سراہتا ہے۔سعودی عرب امن اقدامات کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کا شفاف اور مستقل حل چاہتا ہے۔۔دونوں رہنما ؤں کے درمیان خطے کی صورت حال، امن مساعی قضیہ فلسطین کے منصفانہ اور فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے حل کے لیے عرب امن فارمولے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔