Monday April 29, 2024

عمرہ کے خواہشمندوں کیلئے اچھی خبر سعودی عرب کا عمرہ بحا ل کرنے پر غور،اہم اعلان متوقع

مکہ مکرمہ(نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے کامیاب حج کے بعد عمرہ بحال کرنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کامیاب حج کے انعقاد کے بعد سعودی عرب کی حکومت نے عمرے پر عائد پابندی ہٹانے سے متعلق غور شروع کر دیا ہے۔عرب نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام نے عمرہ پر عائد پابندی ہٹانے پر غور شروع کر دیا ہے۔وزارت حج اور عمرہ نے کامیاب حج کے انعقاد کے بعد اشارہ دیا ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں عمرہ پر عائد پابندی ہٹا لی جائے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ حکومت کب تک عمر سے پابندی اٹھانے کا ارادہ رکھتی ہے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ستمبر کے اختتام تک اس حوالے سے اعلان کر دیا جائے گا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 2 ہفتے کے اندر رواں سال کرونا وائرس وبا کے باوجود حج کے انعقاد سے حاصل شدہ تجربے کا جائزہ لیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ وزارت جلد ہی عمرہ سیزن کی تیاریاں بھی شروع کر دے گی۔ حج کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مقامات مقدسہ میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ حجاج کی صحت کی صورتحال تسلی بخش رہی اور کسی حاجی کو سنگین نوعیت کی طبی امداد کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ وبا کے دوران مسجد الحرام کو دن میں 10 مرتبہ جراثیم کش ادویات سے صاف کیا جاتا ہے۔ عازمین حج کی چند گھنٹوں کے وقفے سے طبی جانچ کی گئی۔

ہر حاجی کو الگ الگ کمرے میں رہائش دی گئی۔ ہر رہائشی کمپلیکس میں ایک کلینک قائم کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹر حاجیوں کے چیک اپ کرتے اور ان کو ضروری ادویات بھی فراہم کرتے رہے۔ حاجیوں کو بسوں میں بھی ایک دوسرے سے فاصلے پر بٹھایا گیا تھا۔اس بار حج کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے حجاج کرام اور نمازیوں کے لیے واکنگ ٹریک بنائے گئے تھے۔ جس کا مقصد وزارت صحت کے وضع کردہ صحت پروٹوکول کے مطابق حجاج کرام کے درمیان سماجی فاصلے کو یقینی بنانا تھا۔ واضح رہے کہ سعودی مملکت میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر اس بار حج میں دیگر ممالک کے عازمین کی شمولیت پرپابندی عائد کر دی تھی۔ سعودی مملکت میں موجود مقامی اور تارکین وطن کو ہی حج کی اجازت دی گئی ، جن کی کُل گنتی بھی صرف 10 ہزار تک محدود تھی۔

FOLLOW US