Thursday May 15, 2025

سابق ملائشین وزیراعظم کو کرپشن پر 12 برس قید کی سزا، کروڑوں ڈالر جرمانہ

کوالا لمپور (نیوز ڈیسک) سابق ملائشین وزیراعظم کو کرپشن پر 12 برس قید کی سزا, کروڑوں ڈالر جرمانہ، فصیلات کے مطابق ملائشیا کے سابق وزیراعظم نجیب الرزاق پر لگائے گئے کرپشن کے تمام الزامات ثابت ہوگئے ہیں جس کے بعد عدالت نے انہیں سزا سنا دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نجیب الرزاق جو کے 2009 میں ملائشیا کے وزیراعظم بنے اور 2018 تک اس منصب پر فائز رہے ان پر لگائے گئے منی لانڈرنگ، اختیارات سے تجاوز کرنے سمیت کرپشن کے کل سات الزامات ثابت ہوگئے ہیں، تاہم سابق وزیراعظم نجیب الرزاق نے ان تمام الزامات کی صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔

کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جج محمد نزلان غزالی کا کہنا ہے کہ کیس کی سماعت کے دوران ملزم خود پر لگے الزامات کی صفائی دینے میں ناکام رہا، جبکہ استغاثہ نے کیس کو بغیر کسی شک کے ثابت کردیا ہے، نجیب الرزاق کو قید اور جرمانے کے علاوہ کوڑوں کی سزا بھی سنائی گئی تاہم امکان ہے کہ ان کی عمر کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ معاف کی جاسکتی ہے۔ خیال رہے کہ ملائشیا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی سیاسی لیڈر کو کرپشن پر سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت کا فیصلہ انویسٹمنٹ فنڈ ون ایم ڈی بی میں 42 ملین رنگ گیٹ یعنی دس ملین ڈالر کی کرپشن پر مرکوز تھا جنھیں وزیراعظم کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کیا گیا تھا۔ نجیب رزاق نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مشیروں نے انہیں گمراہ کیا۔ نجیب کے وکلاء کہنا ہے کہ نجیب رزاق کو اس بات کا یقین دلایا گیا کہ ان کے اکاؤنٹس میں موجود رقوم کو سعودی شاہی خاندان نے عطیہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نجیب رزاق عام انتخابات میں اپنے سابق اتحادی مہاتیر محمد کے ہاتھوں ہار گئے تھے اور انکی شکست کی سب سے بڑی وجہ ان کی کرپشن بنی۔