Sunday May 19, 2024

کورونا ٹیسٹ کلیئر ہونے کی رپورٹ دکھانا لازم پاکستان سے امارات جانے والوں پر کڑی شرط عائد کردی گئی

دُبئی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کے مسافروں پر کڑی شرط عائد کر دی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق امارات واپس آنے والوں کے لیے امارات سے منظور شدہ طبی ادارے سے کورونا کے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ حاصل کرنا ہو گی۔ اگر یہ رپورٹ منفی آئے گی تبھی امارات جانے والی پرواز میں سوار کیا جائے گا۔ تمام ایئر لائنز امارات آنے والی پرواز کے مسافروں سے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس چیک کریں گی۔جن ممالک پر یہ شرط عائد کی گئی ہے ان میں پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش، مصر، بھارت، ایران، نائیجیریا، فلپائن، رُوس، سوڈان، تنزانیہ اور ریاست ہائے متحدہ امریکا کے متعدد شہر شامل ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظاہری نے کہا کہ تمام مسافروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے ملک میں موجود ایسے معتبر طبی مراکز سے کورونا کے ٹیسٹ کی رپورٹ حاصل کرنا ہو گی،جن کی تفصیل ویب سائٹ www.screening.purehealth.ae. پر دی گئی ہے۔ ان رپورٹس کو تیار کروائے ہوئے 72 گھنٹے سے زائد کا وقت نہیں ہونا چاہیے، ورنہ دوبارہ سے نئی رپورٹ حاصل کرنا ہو گی۔ اس کے علاوہ ایئر لائنز مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم پر دستخط بھی کروائیں گی جس میں مسافر یہ حلف دیں گے کہ انہیں کورونا یا کوئی اور خطرناک متعدی مرض لاحق نہیں ہے۔اگر کسی مسافر کے پاس کورونا سے متعلق رپورٹ نہیں ہو گی یا اس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہو گا تو اسے پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا جائے گا۔ مسافروں کے لیے نئی پابندی کا اطلاق 24 جولائی سے ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر سیف الظاہری نے مزید بتایا کہ اگر اس ویب سائٹ پر کسی ملک کے طبی مرکز کا ذکر نہیں گیا تو پھر ایئر لائنز اپنی جانب سے کسی طبی مرکز کا تعین کر کے مسافروں کو وہاں سے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ حاصل کرنے کی ہدایات جاری کریں گی۔ واضح رہے کہ اتحاد ایئر لائنز نے بھی ان طبی مراکز کی فہرست جاری کر دی ہے جہاں سے کورونا کے PCRٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ حاصل کی جا سکتی ہے۔

FOLLOW US