Wednesday May 1, 2024

کشمیری عوام پر پابندیوں کے خلاف اقوام متحدہ کا ادارہ متحرک ہو گیا بھارت، جموں کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بحال کرے ،قوام متحدہ

نیویارک (ویب ڈیسک) بھارت مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ بحال کرے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہر ڈیوڈ کے نے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ ، اطلاعات تک رسائی اور پر امن احتجاج پر سنگین پابندیاں جاری رکھنے پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ تفصیلات کے مطابق اظہار رائے کی آزادی سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ ڈیوڈ کے نے مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کے پلیٹ فورمز پر عائد پابندیوں پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے یہ بیان جنیوا میں جاری اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 44 ویں اجلاس کے دوران کونسل میں اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے دیا۔

ڈیوڈ کے نے ایک بار پھر بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے محصور عوام کے لیے انٹرنیٹ بحال کرے۔ انہوں نے صورت حال کا موقع پر جائزہ لینے کے لئے مقبوضہ کشمیر کے دورے کا اپنا مطالبہ بھی دہرایا۔ واضح رہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت فسطائی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر بھارت میں ضم کرکے علاقے کا فوجی محاصرہ کر لیا، سیاسی رہنماؤں کو قید کردیا ، تیرہ ہزار کے لگ بھگ کشمیری نوجوانوں کو اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا،پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور اجتماعی سزائیں دینے کے علاوہ لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

FOLLOW US