Thursday November 28, 2024

کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے سعودی ڈاکٹر کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑ گئی

ریاض: کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دِنوں میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ فرنٹ لائن ورکرز کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کورونا متاثرین کا علاج کرنے کے باعث ڈاکٹرز اور نرسیں بھی اس موذی مرض کے آگے انتہائی غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ تمام تر حفاظتی اقدامات کے باوجود دُنیا بھر میں ہزاروں ڈاکٹرز اور نرسیں کورونا وائرس سے متاثر ہوئی ہیں، جبکہ دو سے تین ہزار کے قریب دُنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔ یقینا ڈاکٹرز کی جانب سے کورونا سے یہ لڑائی ان کے لیے قابلِ فخر بات ہے۔ تاہم کئی بار ایسے حالات پیدا ہو جاتے ہیں جب یہ ڈاکٹرز خود کو مجرم تصور کرنے لگتے ہیں۔ ایسا ہی معاملہ ایک سعودی ڈاکٹر کے ساتھ بھی ہوا ہے ۔ اُردو نیوز کے مطابق ڈاکٹر عمر حافظ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے تھے کہ اچانک انکشاف ہوا کہ وہ اوران کی والدہ اور بھائی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

جس کے بعد وہ احساسِ جُرم میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر عمر نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بارے میں بتایا کہ کس طرح وہ اور اہل خانہ اس مرض میں مبتلا ہوگئے۔ ڈاکٹر عمر کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’بخدا میں یہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا کہ میری وجہ سے والدہ اور بہنیں اس وبائی مرض کا شکار ہوں، میں خود کوانکا مجرم تصور کررہا ہوں کہ کیونکہ میں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن وہ سب میری وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونگے۔ ڈاکٹر عمر نے مزید لکھا ’ اے رب ، میں تو گھر سے لوگوں کی خدمت اور ان حالات میں انکی مدد کرنے نکلاتھا، ہم پر اپنی رحمت نازل فرما اور جلد از جلد صحت عاجلہ سے نواز دے۔ سوشل میڈیا پر ڈاکٹر عمر کے ٹویٹ کے جواب میں لوگوں نے بڑی تعداد میں انکے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انکی اور اہل خانہ کی جلد مکمل صحتیابی کیلیے دعا کی۔ وزیر صحت نے کورونا سے متاثرہونے والے سعودی ڈاکٹرسے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ٹویٹ کیا ’ میرے بھائی ڈاکٹر عمر ، اللہ تعالی سے دعاگو ہوں کہ وہ جلد از جلد آپ کو اور اپکے اہل خانہ کو صحت عاجلہ عطا فرمائے ، معاشرہ نہ صرف آپ بلکہ امور صحت سے منسلک تمام اہلکاروں کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتا اورآپکی قربانیوں سے بخوبی واقف ہے‘۔کورونا سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر عمر نے وزیر صحت کے ٹویٹ کے جواب میں لکھا ’ جناب وزیر ،آپ کی جانب سے خصوصی اہتمام پر شکر گزار ہوں یہ میرے لیے اور امور صحت سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کے لیے نئی بات نہیں اوراس امر سے بھی ہر کوئی بخوبی واقف ہے کہ آپ ہر ایک کا خوب خیال رکھتے ہیں ، میں یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وطن عزیز، اپنے ہم وطن اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کی خدمت میرے لیے باعث اعزاز ہی نہیں بلکہ میرا فرض ہے۔

FOLLOW US