Wednesday January 22, 2025

کورونا وباء خطرناک مرحلے میں داخل ہوسکتی ہے، برطانوی وزیراعظم کا انتباہ

لندن;برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردارکیا ہے کہ کورونا وباء خطرناک مرحلے میں داخل ہوسکتی ہے، لاک ڈاؤن کو ختم نہیں کیا جاسکتا، موجودہ صورتحال میں کسی غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے غیرملکی میڈیا کو اپنے انٹرویو میں بتایا کہ عالمی وباء کووڈ 19 کے دوسرے مرحلے میں خطرناک حد تک پھیلنے کا خدشہ ہے، اس لیے موجودہ صورتحال میں کوئی غلطی نہیں کی جاسکتی۔ کورونا وائرس کے خلاف سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔ برطانیہ کو کورونا وباء کے سب سے زیادہ خطرات کا سامنا ہے۔ جس طرح کے چیلنجز کا آج برطانیہ کو سامنا ہے اس طرح کا کبھی نہیں رہا۔ کسی قسم کی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ موجودہ صورتحال کو دیکھیں تو برطانیہ میں 2 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں اور 31 ہزار500 تک اموات کی تعداد ہوگئی ہے۔

البتہ جزوی طور پر کچھ کاروباری مراکز اور دفاترز کھولے گئے ہیں۔ لیکن لاک ڈاؤن تاحال برقرار ہے۔ اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کل دفاترز میں ملازمین سے متعلق خصوصی ایس او پیز کا اعلان کریں گے۔ ایس اوپیز کیلئے 50 صفحات پر مشتمل خصوصی پلان تشکیل دیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 41 لاکھ 1 ہزار 775 ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 80 ہزار 443 ہو گئیں۔ کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 23 لاکھ 79 ہزار 541 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 47 ہزار 683 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 لاکھ 41 ہزار 791 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکا اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی تاحال دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 80 ہزار 37 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 47 ہزار 309 ہو چکی ہے۔ امریکا کے ہسپتالوں میں 10 لاکھ 29 ہزار 194 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 16 ہزار 816 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 2 لاکھ 38 ہزار 78 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔ اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 62 ہزار 783 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وباء سے اموات 26 ہزار 478 ہو چکی ہیں۔اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 30 ہزار 395 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 18 ہزار 268 رپورٹ ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 31 ہزار 587 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار 260 ہو گئی۔

FOLLOW US