Monday January 20, 2025

بھارتی حکومت اسلامو فوبیا مہم روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے، او آئی سی

ریاض :بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ کیلئے مسلمانوں کو ذمے دار ٹھہرانا قابل مذمت ہے۔ او آئی سی او آئی سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی حکومت مسلمانوں کو عالمی قوانین کے مطابق حقوق اور تحفظ فراہم کرے، اسلامی تعاون تنظیم کے کمیشن برائے انسانی حقوق نے بھارت میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے لیے مسلمانوں کو مورد الزام ٹھہرانے اور نفرت انگیزی کا نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔ او آئی سی کے انڈی پینڈنٹ پرمیننٹ ہیومن رائٹس کمیشن (آئی پی ایچ آر سی) نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی حکومت بین الاقوامی قوانین کے مطابق مسلم اقلیت کے حقوق کا تحفظ اور ملک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔

مزید برآں آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن نے کہا کہ بھارت کورونا پھیلانے کا بےبنیاد الزام لگا کر مسلمانوں کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جار ہا ہے۔ بھارت فوری اقدامات کرے اور مسلم اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔ دوسری جانب وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں مودی حکومت جان بوجھ کرمسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ مودی حکومت کی پرتشدد کارروائیوں سے بھارت میں مسلمان بھوک میں مبتلا ہیں۔ مودی کے اقدامات ویسے ہی ہیں جیسے جرمنی میں نازیوں نے یہودیوں کیخلاف کیا تھا۔ موجودہ اقدامات مودی حکومت کی ہندوتوا اورمتعصبانہ سوچ کا ثبوت ہیں۔ مزید برآں مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے جمعہ کو شوپیاں میں شہید کیے گئے نوجوانوں عاشق احمد ماگرے اور آصف احمد ڈار کی میتیں مناسب طریقے سے تدفین کیلئے ان کے ہلخانہ کے حوالے نہ کرنے پر بھارتی حکام کی مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہا کہ بھارت کورونا وائرس کی وبا کے بہانے کشمیری شہداء کی بے حرمتی اور ان کے اہل خانہ کی تذلیل کررہا ہے۔ سیدعلی گیلانی نے کہا کہ بھارت کشمیری شہداء کی تجہیز وتکفین سے بھی خوفزدہ ہے اور یہ ڈر وخوف اس بات کی علامت ہے کہ کشمیری عوام اور قابض بھارت کے درمیان لڑائی آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری عالمی قانون کی سخت خلاف ورزی کا نوٹس لے ۔

FOLLOW US