لندن کے امپیرئل کالج نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس عالمی وبا سے افریقہ میں رواں سال تین لاکھ تک افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے اکنامک کمشن برائے افریقہ کی ایک حالیہ رپورٹ میں مزید خطرناک صورت حال کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ براعظم میں کرونا وائرس بلا روک ٹوک پھیل رہا ہے جس سے اندیشہ ہے کہ یہ وبا اس قحط زدہ غریب براعظم میں 33 لاکھ زندگیاں نگل سکتی ہے اور ایک ارب 20 کروڑ لوگوں کو متاثر کر سکتی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہ اگر افریقی عوام سماجی فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کریں تو متاثرین کی تعداد گھٹ کر 12 کروڑ 20 لاکھ ہو سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے اقتصادی کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ افریقہ کا صحت کا نظام بہت کمزور ہے اور اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے کثیر سرمائے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حالات میں، جب کہ کرونا کا پھیلاؤ زیادہ نہیں ہے، اس وبا کی ٹیسٹنگ، ڈاکٹروں اور عملے کے حفاظتی لباس اور آلات اور مریضوں کے علاج کے لیے کم ازکم 44 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔ اگر حالات بگڑ گئے تو ان پر قابو پانے کے لیے 446 ارب ڈالر کی ضرورت ہو گی۔