اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی دو بڑی ایجنسیوں را اور انٹیلی جنس بیورو نے کینیڈین سیاستدانوں کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی، اس بات کا انکشاف کینیڈا کے اخبار نے کیا، کینیڈین اخبار نیوز آرم کی رپورٹ کے مطابق پیسے اور غلط معلومات کے استعمال سے انڈیا کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کینیڈا میں مختلف سیاستدانوں کو اپنے نقطہ نظر پر قائل کرنے کی کوشش کی۔ بھارتی ایجنسیوں نے یہ باور کرانے کی بھی کوشش کی کہ کینیڈا کی طرف سے پاکستان میں ہونے والی فنڈنگ کا سارا روپیہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کے لئے استعمال
ہو رہا ہے۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق 2009 سے کینیڈا میں بھارتی ایجنسی ایسا خفیہ مشن کر رہی ہے جس کے تحت کینیڈا کے مختلف سیاستدانوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی ہے۔ کینیڈین ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ایجنسیوں نے ایک بے نامی انڈین اخبار کے ایڈیٹر کو اس مقصد کے لئے استعمال کیا ہے، ایڈیٹر کی بیوی اور بچے کینیڈین نیشنیلیٹی ہولڈر ہیں۔ اس کے ذمے یہ کام تھا کہ کینیڈا کے سیاستدانوں کو اس بات پر قائل کرے کہ کینیڈا سے پاکستان میں ہونے والی فنڈنگ دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال کی جا رہی ہے۔ اس بھارتی ایڈیٹر نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات سے انکار کیا ہے۔