Monday January 20, 2025

کوروناوائرس کاخوف، ملکہ برطانیہ نے شاہی محل چھوڑ دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)کورونا وائرس کا خوف ملکہ برطانیہ پر بھی چھا گیا۔ بکنگھم پیلس چھوڑ کر ونڈسر کے قلعے میں بنائے گئے قرنطینہ سینٹر میں منتقل ہو گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترانوے سالہ ملکہ الزبتھ دوئم کی شاہی مصروفیات ختم کر دی گئیں۔ملکہ اور شوہر شہزادہ فلپ کو محل سے ونڈسر کے قلعے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ برطانیہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں دس ہلاکتیں ہوئی ہیں، گلیاں سڑکیں ویران جبکہ سٹورز پر اشیاء کی قلت کا سامنا ہے جس کے سبب عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔وائٹ ہاوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوئے۔ امریکی صدر نے پریس بریفنگ میں اپنے کورونا ٹیسٹ کے بارے میں میڈیا کو بتایا تھا۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں۔ کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد چھ ہزار 65 ہو گئی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 386 ہو گئی اور 75 ہزار 967 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔چین میں مزید 10 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو گئے جس کے بعد چین میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 3 ہزار 199 ہو گئی جبکہ 66 ہزار 931 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکہ میں مزید 3 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے جس کے بعد امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 60 ہو گئی جبکہ مزید 103 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔جنوبی کوریا میں بھی مزید 3 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد جنوبی کوریا میں اموات کی تعداد 75 ہو گئی۔ اٹلی میں اب تک 1 ہزار 441 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں اور ایران میں اموات کی تعداد 724 ہو چکی ہے۔کورونا وائرس 152 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم کی اہلیہ کے بعد اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچز کی اہلیہ بیگونیا گومیز کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ اسپین میں تیسری درجے کی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جو 15 روز کے لیے ہو گی۔

FOLLOW US