اسلام آباد: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ نے نئی تاریخ رقم کردی جس کے مطابق پاک بھارت ٹاکرا 16 کروڑ 70 لاکھ لوگوں نے دیکھا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کانسل (آئی سی سی)کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے میچ کی ویورشپ نئی بلندیوں تک پہنچ گئی۔دبئی میں کھیلے جانے والے ٹاکرے میں جہاں پاکستان نے پہلی بار کسی ورلڈکپ میں بھارت کو 10 وکٹ سے تاریخی شکست دی وہیں اس میچ نے وویورشپ کے لحاظ سے بھی ریکارڈ قائم کردیا۔ آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا 200 ممالک میں نشر کیا گیا اور اس میچ کی لائیو کوریج 10 ہزار گھنٹے ہوئی اور اس میچ کو 167 ملین یعنی 16 کروڑ 70 لاکھ لوگوں نے دیکھا۔اس سے قبل سب سے زیادہ ٹی وی پر دیکھے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ کا اعزاز بھارت اور ویسٹ انڈیز کے 2016ءکے ورلڈکپ سیمی فائنل کو حاصل تھا
جس کو 136 ملین ناظرین نے دیکھا تھا۔واضح رہے بھارت کے خلاف میچ میں شاہین آفریدی نے روہت شرما، کے ایل راہل اور ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کرکے بھارت کی کمر توڑ دی تھی جس کے بعد 152 رنز کا ہدف پاکستان نے بغیر وکٹ گنوائے حاصل کرلیا تھا جس میں کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔