Sunday April 28, 2024

شعیب ملک سے شادی کی قیاس آرائیوں پر سونیا حسین کا رد عمل سامنے آگیا،ایسے قصوں کو ہلکے پھلکے انداز میں لیا کریں

لاہور : اداکارہ سونیا حسین نے اپنے والدین کی جانب سے شعیب ملک کیلئے پسندیدگی سے متعلق وضاحتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ چند روز قبل اداکارہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کے ہمراہ ایک شو میں انکشاف کیا تھا کہ شعیب کافی مرتبہ ان کے گھر آچکے ہیں اور اداکارہ کے والدین انہیں بہت پسند بھی کرتے ہیں، ملاقات کے دوران ان کی والدہ شعیب ملک کو دیکھتی رہیں اور ان سے پوچھا کہ کیا شعیب شادی شدہ ہیں؟ سونیا حسین کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں جنہیں ختم کرنے کے لیے اداکارہ نے وضاحت جاری کی ہے۔

سونیا حسین نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ’میں شرطیہ کہہ سکتی ہوں کہ ہر لڑکی کی ماں جب بھی اس کے خوش اخلاق دوست سے ملتی ہوگی تو ضرور کوئی نا کوئی معصوم سا تبصرہ پیش کرتی ہوںگی، یہ میرے گھر میں بھی بہت عام سی بات ہے،میرے والدین بہت بھولے اور پیارے ہیں، یہاں تک کہ میرے ماں باپ نے شعیب ملک سے یہ بھی پوچھ لیا کہ کیا وہ اداکار ہے؟، کسے علم تھا کہ پروگرام کی معصوم سی قسط کو غلط انداز میں پیش کرکے ایک سنجیدہ خبر بنادیا جائے گا‘۔ انہوں نے شعیب ملک کو مینشن کرتے ہوئے بہترین دوست قرار دیا۔ اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسے قصوں کو ہلکے پھلکے انداز میں لیا کریں کیوں کہ آپ نہیں جانتے کہ یہ کسی کی ذاتی زندگیوں اور رشتوں پر کیا اثرات مرتب کررہے ہیں‘۔

FOLLOW US