Monday April 29, 2024

پاکستانی بیٹسمین کے بعد باؤلر ز بھی چھا گئے ،زمبابوے کی 81 رنز پر 7 وکٹیں اُڑا دیں

ہرارے:پاکستانی بیٹسمینوں کے بعد اب باؤلرز بھی زمبابوے پر قہر بن کر برس پڑے ، زمبابو ے نے پاکستان کے 510 رنز کے جواب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا لیے ہیں لیکن ابھی 429 رنزکا خسارہ باقی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 510 رنز کے جواب میں زمبابوے کی جانب سے کیون کسوزا اور تریسائی نے میدان میں اتر کر بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے تریسائی موساکانڈا بغیر کوئی سکور بنائے تابش خان کی گیند کا نشانہ بنے اورصرف ایک رنز کے مجموعے پر پولین لوٹ گئے ۔ ان کے ساتھ میدان میں اترنے والے کیون کسوزا صرف 4 سکور بنانے میں کامیاب ہوئے ، وہ حسن علی کی گیند پر دفاع کرنے کی کوشش کر رہے تھے

کہ بیٹ سے ایج نکلنے سے گیند وکٹوں میں جا لگی اور 23 رنز کے مجموعے پر بولڈ ہو گئے ۔ حسن علی کے بعد اگلی وکٹ پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی اور انہوں نے برینڈن ٹیلر کو 9 رنز پر پولین پہنچا دیا ، برینڈن شاہین شاہ آفریدی کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں پیچھے کیچ دے بیٹھے اور 40رنز کے مجموعے پر آوٹ ہو گئے ۔ رجیس چاکابوا بھی کچھ دیر کیلئے وکٹ پر قدم جمانے میں کامیاب ہوئے لیکن حسن علی کے ہاتھ میں گیند آئی تو انہوں نے رجیس کا کھاتہ بھی 33 رنز پر بند کر دیا ۔ ملٹن شومبا 2 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ ان کے بعد آنے والے ٹینڈائی محض ایک سکور بنانے کے بعد حسن علی کا شکار بنے ۔پاکستان کی جانب سے حسن علی میزبان ٹیم کے بیٹسمینوں پر قہر بن کر برس رہے ہیں اور اب تک 4 کھلاڑیوں کو پولین پہنچا چکے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی ، تابش خان اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے ۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دوسرے روز کے کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل 510 رنز پر اننگ ڈکلیئر کر دی جس میں سب سے بڑاکردار عابد علی کا رہا جو کہ ڈبل سینچری بنا کر ناقابل شکست رہے ، انہوں نے 407 گیندوں پر 29 چوکوں کی مدد سے 215 رنز کی اننگ کھیلی ۔ ان کے علاوہ اظہر علی نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 126 رنز کے ساتھ دوسرے ٹاپ سکورر رہے ۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بیڈ لک رہی اور وہ صرف دو سکور بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے لیکن سب سے زیادہ بیڈ لک نعمان علی کی رہی جو کہ کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سینچری بناتے بناتے رہ گئے اور 97 رنز پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔ نعمان علی نے آٹھویں نمبر پر آ کر عابد علی کا بھر پور ساتھ دیا اور ان کی ڈبل سینچری مکمل کروائی اور ساتھ ہی بہترین انداز میں بیٹنگ جاری کرتے ہوئے 97 رنز کی یادگار اننگ کھیل کر قومی ٹیم کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنا دیا ۔

FOLLOW US