Friday May 3, 2024

ٹیسٹ سیریز، قومی ٹیم کو 5ویں پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش 5ویں پوزیشن برقرار رکھنے کیلیے پاکستان کو دونوں میچز میں فتح درکار

لاہور : آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 5ویں پوزیشن برقرار رکھنے کیلیے پاکستان کو زمبابوے کے خلاف دونوں میچز میں فتح درکار ہے۔ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن برقرار رکھنے کیلیے پاکستان کو دونوں میچز میں فتح درکار ہے لہٰذا زمبابوے نے ایک مقابلہ بھی ڈرا کرلیا تو ایک پوائنٹ کم ہونے پر جنوبی افریقہ آگے نکل جائے گا۔ پاکستان کے موجودہ ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 90 ہے، بھارت (120) پہلے، نیوزی لینڈ (118) دوسرے، آسٹریلیا (113)تیسرے اور انگلینڈ (106) چوتھے نمبر پر ہے، گرین کیپس زمبابوے کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچز جیتیں تو صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ حاصل ہوگا اور پانچویں پوزیشن برقرار رہے گی ۔ نتیجہ 0-1 رہا تو 89 پوائنٹس پر جانے کے ساتھ پاکستان جنوبی افریقہ کے بعد چھٹی پوزیشن پر پہنچ جائے گا، سیریز 1-1 سے برابر ہونے کی صورت میں ٹیم کے 5 ریٹنگ پوائنٹس کم ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ زمبابوے کی ٹیم فی الحال آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 29 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 10ویں نمبر پر ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 8 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں، زمبابوے نے صرف ایک مرتبہ پاکستان کو، 1998 میں، کسی ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی. یہ واحد موقع تھا جب ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں نو وکٹوں سے فتح حاصل کرنے والی زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے شکست دی تھی اس دوران دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے 18 ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان نے 10 اور زمبابوے نے تین جیتے ہیں جبکہ چار ٹیسٹ میچز ڈرا اور ایک نامکمل ختم ہوا آخری مرتبہ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں 2013 میں زمبابوے میں ہی مدمقابل آئی تھیں، دونوں ٹیموں کے مابین یہ سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیریز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے مصباح الحق اب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سینئر کھلاڑی یونس خان اب قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہیں،سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ناقابل شکست ڈبل سنچری بنانے والے یونس خان نے اس سیریز میں 319 رنز بنائے تھے،مصباح الحق نے 72 سے زائد کی اوسط سے سیریز میں 217 رنز بنائے تھے۔

FOLLOW US