Thursday May 16, 2024

پہلا ٹیسٹ، زمبابوے کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ہرارے : دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دونوں ٹیمیں ہرارے اسپورٹس کلب میں آمنے سامنے ہوں گی،بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ ٹیسٹ سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف جنوری/فروری میں کھیلی تھی، جہاں پاکستان نے پہلا ٹیسٹ میچ 7 وکٹوں اور دوسرا 95 رنز سے جیتا تھا،اس دوران پاکستان نے وائٹ بال کرکٹ کی چار دو طرفہ سیریز کھیلیں، جس میں تین ٹی ٹونٹی اور ایک ون ڈے فارمیٹ کی سیریز شامل تھیں، یہ چاروں سیریز پاکستان نے جیتیں،جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں سنچریاں اسکور کرنے والے پاکستان کے دو بیٹسمین، فواد عالم اور محمد رضوان، 29 اپریل سے شروع ہونے والی سیریز میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے،وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان رواں سال بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں.

وہ اب تک اس سال وائیٹ بال کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں،دوسری طرف حال ہی میں عالمی ون ڈے پلئیرز رینکنگ میں دنیا کے پہلے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرے بہترین بیٹسمین بننے والے بابر اعظم بھی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیسٹ کرکٹ کے پانچ بہترین بلے بازوں میں شامل ہونے کی کوشش کریں گے،اس سیریز میں پاکستان کے چوتھے نمایاں بیٹسمین اظہر علی ہوں گے، جو اب تک اپنے ٹیسٹ کیریئر میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے علاوہ ہر ٹیم کے خلاف سنچری اسکور کرچکے ہیں.

FOLLOW US