Wednesday May 8, 2024

تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ

لاہور : تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔آج کھیلے جانے والے میچ میں قومی سکواڈ سے خوشدل شاہ، افتخار احمد اور حارث رؤف کو ڈراپ کردیا گیا ہے جب کہ حسن علی، زاہد محمود اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے۔ کھیل کے آغاز سے قبل وقار یونس نے زاہد محمود کو ٹی 20 کیپ دی۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں مہمان ٹیم کی قیادت ہنریک کلاسین کریں گے جب کہ پاکستان ٹیم بابر اعظم کی زیر قیادت میں میدان میں اترے گی۔

پاکستان کے سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، عامر یامین، احمد بٹ، آصف علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر، ظفر گوہر اور زاہد محمود شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے اکثر کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے بعد وطن واپس جا چکے ہیں جو آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کریں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی گئی تھی جس میں قومی ٹیم نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔ قومی ٹیم نے کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور راولپنڈی میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں 95 رنز سے فتح حاصل کرکے طویل عرصے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سیریز میں کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی کی ٹیسٹ کی درجہ بندی میں ترقی پاکر 5ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

FOLLOW US