Sunday May 19, 2024

پہلا ٹی ٹوٹنی ، بابر اعظم کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے دی

راولپنڈی (ویب ڈیسک) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ 157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے لیے بابراعظم اور فخر زمان نے 36 رنز کی شراکت داری قائم کی ،فخر زمان 19 رنز بنا کر موزاربانی کے ہاتھوں پوویلین لوٹے، حیدرعلی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور نگارا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں جکڑے گئے، بابراعظم نے محمد حفیظ کے ساتھ مل کر سکور آگے بڑھایا اور اس دوران اپنی 15 ویں ٹی ٹونٹی نصف سنچری بھی مکمل کی،

دونوں کے مابین 80 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد بابراعظم 55 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز بنا کر چتارا کی گیند پر آئوٹ ہوئے،حفیظ 36 رنز بنا کر پوویلین لوٹے تاہم پاکستان نے مقرر ہدف 18.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ تیسرے ون ڈے میں 5 وکٹیں لینے والے محمد حسنین نے پہلے ہی اوور میں زمبابوین کپتان چبھابھا کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ برینڈن ٹیلر اور سین ولیمز نے سکور 34 تک پہنچایا جس کے بعد حارث رؤف نے وکٹ کیپر بلے باز کو حیدرعلی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرواکر پوویلین بھجوا دیا۔ سین ولیمز اور مادھویرے کی شراکت داری عثمان قادر نے ولیمز کو 25 رنز پر بولڈ کرکے ختم کی، سکندر رضا صرف 7 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے، حارث رئوف نے برل کو بولڈ کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی، زمبابوے کی جانب سے مادھویرے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی، وہ 70 رنز پر ناقابل شکست رہے جب کہ ایلٹن چکمبورا 21 رنز بنا کر وہاب کا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور وہاب ریاض نے 2،2 جبکہ محمد حسنین اورعثمان قادر نے 1،1وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں زمبابوے کے کپتان چبھابھا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے گگلی ماسٹر عبدالقادر مرحوم کے صاحبزادے عثمان قادر اپنا ٹی ٹونٹی ڈیبیو کر رہے ہیں جب کہ شاہین آفریدی کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتے،ان کی ٹیم زمبابوے کو کم سے کم سکور پر آئوٹ کرنے کی کوشش کرے گی۔ پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، فخر زمان، حیدر علی، محمد حفیظ، محمد رضوان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، وہاب ریاض، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 11 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گئے ہیں اور تمام میچز میں پاکستان کامیاب رہا ہے ۔خیال رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔

FOLLOW US