Monday January 20, 2025

قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندر کیلئے لکی ثابت ہونے والا ننھا فین اکیلا میچ دیکھنے پہنچ گیا،ٹیم پہلی بار پی ایس ایل کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی

لاہور قلندرز کا ننھا فین اپنی ٹیم کیلئے خوش قسمتی کا باعث بن گیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو سے مشہور ہونے والے بچے کو لاہور کی ٹیم مینیجمنٹ نے جس بھی میچ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا، اس میچ میں فتح حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 5 کے سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ لاہور قلندرز کو ابتدائی میچز میں پے درپے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد اس ٹیم کے پلے آف مرحلے سے باہر ہو جانے کے امکانات واضح ہوگئے تھے تاہم پھر لاہور قلندرز نے ناقابل یقین کم بیک کیا اور آخری 6 میچز میں سے 5 میں فتوحات حاصل کرکے ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر دلچسپ باتیں بھی کی جا رہی ہیں۔

لاہور قلندرز کے بیشتر مداحوں کا کہنا ہے کہ ٹیم کا ننھا مداح اپنی ٹیم کیلئے فتوحات اور خوش قسمتی کا باعث بنا ہے۔لاہور قلندرز کا ننھا فین اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف سنسنی خیز میچ میں شکست پر پھوٹ پھوٹ کر رو دیا تھا۔ ننھے فین کے رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرس ہوئی تھی جس کے بعد لاہور قلندرز مینیجمنٹ نے مذکورہ بچے کو ہر میچ کیلئے مہمان خصوصی کا درجہ دینےکا فیصلہ کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ننھے فین نے اپنی ٹیم کی سپورٹ کیلئے جب سے اسٹیڈیم آنا شروع کیا، تب سےلاہور قلندرز کی ٹیم حیران کن طور پر فتوحات حاصل کرنا شروع ہوگئی، اور اب پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں اس کا مقابلہ 17مارچ کو کراچی کنگز سے ہوگا۔

FOLLOW US