Tuesday November 25, 2025

حساب برابر۔۔۔ کراچی کنگز نے گزشتہ شکست کا بدلہ لیتے ہوئے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی(ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو10وکٹوں سے شکست دیدی۔151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کے بابر اعظم اور شرجیل خان نے لاہور کے باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور گراؤنڈ کے چاروں جانب شاٹ کھیلتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے ہی اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔کراچی نے مطلوبہ ہدف اننگز کے 17ویں اوور میں حاصل کیا۔شرجیل خان نے 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 74 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں میں 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا، پچھلے میچ کے مین آف دی میچ فخر اس بار زیادہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 17 رنزبنانے کے بعد عمید آصف کا شکار بنے جس کے بعد کرس لین بھی ان کے پیچھے فوراً ہی پویلین واپس پہنچ گئے، وہ 5 رنز ہی بناسکے،لاہور قلندرز کے خطرناک بلے باز بین ڈنک صرف نو رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔سہیل اختر نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار 68 رنز اسکور کیے جس کے بعد ارشد اقبال نے انہیں ایل بھی ڈبلیو آؤٹ کیا۔لاہور کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑے سَمیت پٹیل تھے جو 133 کے مجموعے پر 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔جارح مزاج بلے بازوں کے وقفے وقفے سے آؤٹ ہونے کے باعث لاہور زیادہ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔محمد حفیظ 35 اور ڈیوڈ ویزے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کی جانب سے عمید آصف اور ارشد اقبال نے 2، 2 جبکہ کرس جورڈن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں اورعمرخان،

عامر یامین اور کیمرون ڈیلپورٹ کو ٹیم سے باہر کیا گیا ہے جب کہ ارشد اقبال، عمید آصف اور اسامہ میر کراچی کی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔لاہور کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ کرتے۔لاہور قلندرز نے اپنے گزشتہ چاروں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور نے کامیابی حاصل کی تھی۔لاہور قلندرز اپنے 8 میچز میں سے 4 میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ کراچی 7 میچ کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہے۔