کراچی(نیوز ڈیسک) سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اداکار علی رحمان کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک ریسٹورنٹ میں موجود ہیں۔ ویڈیو دیکھ کر یہ اندازہ نہیں ہو سکتا کہ کاؤنٹر پر موجود شخص نےان سے کیا بات کی تھی۔نجی ریسٹورنٹ میں غالباً وہ کھانے کا انتظار کر رہے تھے یا ان سے انتظار نہ ہوا اور کاؤنٹر پر موجود ریسٹورنٹ کے ملازم پرغصہ کر گئے۔ پاس ہی کھڑا ایک شخص یہ سارے مناظر اپنے کیمرے سے قید کرتا رہا۔ایک موقع پر علی رحمان نے یہ تک کہا کہ “کیا تم مجھے جانتے ہو؟، کیا تم نے کبھی مجھے ٹی وی پر دیکھا ہے؟”۔ اس کے جواب میں کاؤنٹر پر موجود شخص شرمندہ شرمندہ سر ہلاتا “سر آپ ناراض نہ ہو، سر میں آپ سے مذاق نہیں کر رہا” کہتا رہا۔علی رحمان نے ہاتھ میں نوٹ بھی تھاما ہوا تھا،
جسے وہ ہوا میں لہرا لہرا کر بار بار یہ بول رہے تھے کہ ” میں تمہیں قیمت ادا کر رہا ہوں۔ تم یہاں ملازم ہو، تمہارا کام ہے میری بات سننا”۔کچھ دیر بعد علی رحمان کو احساس ہوتا ہے کہ کوئی یہ سب ریکارڈ کر رہا ہے، جس پر وہ ویڈیو بنانے والے کی جانب بڑھتے ہیں اور ایک دم کیمرا بند ہوجاتا ہے۔ اس منظر کے بعد کیا ہوا ؟ یہ تو صرف علی رحمان، ویڈیو بنانے والا یا وہاں موجود افراد میں سے ہی کوئی بتا سکتا ہے۔ تاہم اس ویڈیو کو لے کر سوشل میڈیا پر علی رحمان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ کسی سیلبریٹی یا مشہور شخصیت کو ایسے گھمنڈ یا تکبر میں نہیں رہنا چاہیے۔ ایک صارف نے یہ بھی کہا کہ ریسٹورنٹ یا کسی بھی جگہ کام کرنے والے بھی انسان ہیں۔ ایک اور صارف کا یہ کہنا تھا کہ کوئی ٹی وی پر آکر کسی سے بڑا نہیں بن جاتا۔