Wednesday January 22, 2025

اہلیہ فاطمہ سہیل پر تشدد ، تفتیشی رپورٹ پیش، محسن عباس قصوروار قرار

لاہور (نیوز ڈیسک) اہلیہ پر تشدد کرنے والے پاکستانی اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کو تفتیشی رپورٹ میں قصور وارقرار دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں محسن عباس حیدر کی عبوری درخواست ضمانت کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران محسن عباس حیدر کے خلاف امانت میں خیانت کی دفعات خارج کردی گئیں۔تفتیشی افسر کی رپورٹ کی بنیاد پر محسن عباس حیدر کے وکلاء نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔ واضح رہے کہ محسن عباس حیدر نے ایڈووکیٹ عدنان طارق کی وساطت سے عبوری درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی۔ ایڈشنل سیشن جج عظیم شیخ نے کیس پر سماعت کی۔

جس میں وکیل محسن عباس کا کہنا تھا کہ تفتیشی رپورٹ کے مطابق محسن عباس پر عائد کیے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے، اسی بناء پر درخواست ضمانت واپس لی۔دوران سماعت تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ اداکار محسن عباس حیدر کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی نے ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل کی درخواست پر مقدمہ درج کیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق اداکار محسن عباس حیدر پر امانت میں خیانت اور اپنی بیوی فاطمہ کو سنگین نتائج کی دھکمیوں سے متعلق مقدمے درج کیا گیا۔ لیکن درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے اور عدالت عبوری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔یاد رہے کہ معروف گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر مار پیٹ کرنے اور دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔ محسن عباس حید ر نے اہلیہ کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کے جواب میں ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔ بعد ازاں محسن عباس حیدر نے درخواست ضمانت دی جسے قبول کیاگیا اور ہر پیشی پر محسن عباس حیدر کی درخواست ضمانت میں توسیع کی گئی۔ تاہم آج سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے محسن عباس حیدر کو قصوروار قرار دے دیا ہے۔

FOLLOW US