Saturday May 18, 2024

شوبز میں نانی، دادی اور پڑنانی کے کرداربھی اداکروں گی، ماہرہ خان نے خود پر ہونیوالی تنقید کا دوٹوک جواب دیدیا

لاہور(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ماں کا کردار ڈرامہ ’ہمسفر میں کر چکی ہوں، مزید نبھاؤں گی۔ ارادہ ہے کہ شوبز میں رہوں اور نانی، دادی کیساتھ پڑنانی کے کردار بھی ادا کروں۔ ہمیں سینئر اداکاروں کی عزت کرنی چاہیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خود پر تنقید کے جواب میں کہا کہ عموماً خاموشی اختیار کرتی ہوں کیونکہ میں اداکار ہوں اور لوگ کچھ نہ کچھ کہتے ہی رہتے ہیں چاہے سینیئر اداکار ہوں یا جونیئر یا پھر عوام ہی کیوں نہ ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ سوشل میڈیا کی وجہ سے بہت بڑا بن گیا اور شوبز انڈسٹری نے مکمل سپورٹ کیا، اس میں شکر گزار ہوں۔

جہاں تک میرا ردِعمل ہے تو یہ کسی کی رائے ہے اور مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ایک چیز بہت ضروری ہے کہ تھوڑا سا ہمیں اپنے آپ کو ذرا کنٹرول کرنا پڑے گا کہ ہم دوسرے کی عزت کریں یعنی فنکار ایک دوسرے کی عزت کریں۔ماہرہ خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم ایک دوسرے کی عزت نہیں کریں گے تو پھر ہمیں کوئی حق نہیں ہے کہ ہم جاکر ٹرولز دیکھیں اور کہیں کہ دیکھیں کہ لوگ ہمیں یہ یا وہ کہتے ہیں۔ میرے خیال میں ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کی عزت کریں۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ماہرہ خان جو فلم انڈسٹری میں ٹھنڈا دماغ رکھنے والی اداکارہ مشہور ہیں نے روش برقرار رکھتے ہوئے سینئر اداکار فردوس جمال کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری جنگ مخصوص سوچ کے خلاف ہے جو سمجھتے ہیں کہ کامیاب عورت ایک ڈراؤنی سوچ ہے۔ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر سینئر اداکار فردوس جمال کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم حال ہیں اور جو ہم کرتے ہیں اور جیسے ہم کرتے ہیں وہ ہمارا مستقبل ہے لیکن میں اُن سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو مجھ سے پوچھے بغیر میری حمایت میں باہر آئے۔ان کا کہنا تھا کہ فنکارہ ہونے کے ناطے مجھے انڈسٹری پر فخر ہے اور شکر گزار ہوں سینئرز کی جنہوں نے نہ صرف دوسروں بلکہ میرے لیے بھی راستہ ہموار کیا، انھوں نے خود پر فخر کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ میں زندگی کے اس سفر میں فخر کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ میں نے وہ کچھ کیا ہے جو مجھے ٹھیک لگا ہے لیکن اس بات سے کبھی پریشان نہیں ہوئی کہ دوسروں کے مطابق میرے لیے کیا ٹھیک ہے۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ دنیا نفرت سے بھرپور ہے لیکن ہمیں محبت کا انتخاب کرنا چاہیے ہم لوگوں کی رائے کو برداشت

کرتے ہیں اور ہماری جنگ مخصوص سوچ کے خلاف ہے جو سمجھتے ہیں کامیاب عورت ایک ڈراؤنی سوچ ہے لیکن حقیقتاً ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ یہ خوبصورت اور عورت کو با اختیار بنانے کے لیے ہے۔واضح رہے کہ اداکار فردوس جمال نے ماہرہ خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماہرہ خان کو ہیروئن کی بجائے ماں کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اگر میں 20 سال کی عمر میں ضعیف کا کردار ادا کر سکتا ہوں تو اداکارہ ماہرہ خان یا دوسری اداکارائیں کیوں ماں کا کردار ادا نہیں کرسکتیں۔

FOLLOW US