Sunday May 5, 2024

آج تک شادی کیوں نہیں کی، بالی ووڈ کےسلمان خان نے خود ہی بتادیا

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی وڈ ہیرو سلمان خان 53 برس کے ہو چکے ہیں تاہم ابھی تک کنوارے ہیں۔ ان کے پرستار انھیں شادی شدہ دیکھنا چاہتے ہیں تاہم اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ انھیں طویل فلمی کیرئیر کے دوران کسی لڑکی نے کبھی پروپوز نہیں کیا۔بالی وڈ ہیرو سلمان خان کا فلمی کیرئیر 25 سال پر محیط ہے، اس دوران ان کا نام متعدد اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا جاتا رہا حتی کہ شادی کی خبریں بھی آتی رہیں اس کے باوجود یہ سلسلہ چہ مگوئیوں تک ہی محدود رہا اور سلو بھائی کنوارے ہی رہے۔گزشتہ عرصہ قبل بالی وڈ میں شادیوں کا سیزن چلا تھا، کئی اداکارائیں جو طویل وقت سے کنواری چلی آ رہی تھیں پیا گھر سدھار گئیں،

ان میں انوشکا شرما، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا اور نیہا دھوپیا جیسی اداکارائیں شامل ہیں۔ شنید تھی کہ اب سلمان خان بھی شادی کرلیں گے لیکن ابھی تک معاملہ رکا ہوا ہے۔سلمان خان کے جہاں کئی اداکاراؤں تعلقات رہے ہیں وہیں یہ خیال بھی کیا جاتا رہا کہ انہیں اداکاراؤں نے شادی کی پیش کش بھی کی ہوگی۔ تاہم اب سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی 53 سالہ زندگی میں آج تک کسی لڑکی نے انہیں شادی کی پیش کش نہیں کی۔فلم فیئر کو دیے ایک انٹرویو میں سلمان خان سے ان کی حال ہی میں ریلیز فلم ”بھارت“ کے ایک سین کے حوالے سے سوال کیا گیا جس میں فلم کی مرکزی اداکارہ کترینہ کیف اداکار کو شادی کی پیشکش دیتی نظر آئیں۔اس سین پر بات کرتے ہوئے سلمان خان نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ‘میری زندگی میں اب تک ایسا نہیں ہوا، کیوں کہ شاید میں بہت رومانوی نہیں، میں کینڈل لائٹ ڈنر نہیں کرتا، کیوں کہ اندھیرے میں مجھے دکھائی ہی نہیں دے گا کہ میں کیا کھا رہا ہوں، لیکن مجھے بےحد دکھ ہوتا ہے کہ کسی نے خود سے کبھی مجھے شادی کا نہیں کہا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان خان کے حوالے سے طویل عرصے سے خبریں سامنے آرہی ہیں کہ وہ اپنی قریبی دوست رومانیہ کی گلوکارہ و ماڈل یولیا ونتور کے ساتھ تعلق میں ہیں۔یہ دونوں ایک ساتھ متعدد ایونٹس میں ساتھ بھی نظر آتے ہیں۔اس سے قبل سلمان خان کا افیئر اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ رہا، اس کے علاوہ ان کی منگنی سنگیتا بجلانی کے ساتھ بھی ہوئی۔سلمان خان نے کیریئر کے شروع میں ان کا افیئر ایشوریا رائے بچن کے ساتھ بھی رہا، جو طویل عرصے جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا۔اس تمام تعلقات کے باوجود سلمان خان کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ آج تک کسی

خاتون نے انہیں شادی کی پیشکش نہیں دی۔یاد رہے کہ سلمان خان کا کترینہ کیف کے ساتھ افیئر بھی اس وقت ختم ہوا جب اداکارہ نے سلمان خان کو چھوڑ کر رنبیر کپور میں دلچسپی دکھانا شروع کردی۔سلمان اور کترینہ ایک ساتھ کئی فلموں کا حصہ بھی بن چکے ہیں، تاہم اب یہ دونوں ایک دوسرے کو اپنا اچھا دوست مانتے ہیں۔یاد رہے کہ کترینہ سے قبل پریانکا چوپڑا کو فلم بھارت میں کاسٹ کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا، تاہم پریانکا نے آخری موقع پر فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔فلم ”بھارت“ نے دنیا بھر کے باکس آفس پر اب تک 300 کروڑ روپے کمالیے ہیں، سلمان خان کی اگلی فلم ”دبنگ 3“ ہے جس کی شوٹنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔

FOLLOW US