Sunday January 19, 2025

فلم ہیرا پھیری 3 کیلئےبالی ووڈ اداکار اکشے کمار نےکتنے کروڑ مانگ لیے؟ اداکار کی فرنچائز سے علیحدگی کی وجہ سامنے آگئی

ممبئی : بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے ہیرا پھیری فرنچائز سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور ان کی جگہ کارتک آریان کو “راجو” کے رول کیلئے فلم میں شامل کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہیرا پھیری 3 کے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے اکشے سے فلم کے بارے میں ملاقات کی لیکن کامیابی نہیں ہوئی۔ اکشے کمار نے ہیرا پھیری 3 میں اداکاری کے لیے 90 کروڑ روپے کی فیس کا مطالبہ کیا تھا۔ بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اکشے کمار فرنچائز میں واپسی کے لیے 90 کروڑ روپے مانگ رہے تھے

جب کہ کارتک آریان 30 کروڑ روپے میں فلم کرنے کے لیے تیار تھے۔ بھول بھلیاں 2 کی کامیابی کے بعد، جس میں کارتک نے اکشے کی جگہ لی تھی ، پروڈیوسر دونوں اداکاروں کے ساتھ ہیرا پھیری 3 پر بات کر رہے تھے۔ آخر کار فیروز نے کارتک کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔ پروڈیوسرز کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اکشے کمار صرف 90 کروڑ روپے ہی نہیں بلکہ فلم کے منافع میں سے بھی حصہ مانگ رہے تھے جب کہ کارتک آریان صرف ہی 30 کروڑ روپے میں فلم کرنے کو تیار تھے۔ پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈ والا نے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ رابطہ کیا تو دونوں اداکاروں کے حقوق میں زیادہ فرق نہیں تھا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کارتک کو کاسٹ کرنے کی صورت میں اکشے کے مقابلے میں 15 کروڑ روپے کم دے رہے تھے۔ اگر صرف فیس کو ہی دیکھا جائے تو پروڈیوسرز کو اسی مد میں 45 کروڑ روپے کی بچت ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کارتک آریان کو کاسٹ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پروڈیوسر نے اکشے کو دوبارہ راضی کرنے کی کوشش کی، ان سے منافع کی تقسیم پر فلم میں شامل ہونے پر زور دیا لیکن اکشے نے اسے ٹھکرا دیا کیونکہ انہیں لگا کہ ‘فرنچائز کو ان کی موجودگی سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق متعدد ملاقاتوں کے باوجود بات چیت صحیح سمت میں نہیں بڑھ رہی تھی اور تعطل پر ختم ہوئی۔ جس کے بعد فیروز کے پاس کارتک آریان کو سائن کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا تھا ، فیروز کو لگتا ہے کہ کارتک راجو کے کردار کے لیے بہترین اداکار ہیں۔ درحقیقت فلم کے پورے سکرپٹ پر اب کارتک کی شبیہہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا گیا ہے۔

FOLLOW US