Tuesday January 21, 2025

دلیپ کمار کی فوتگی پر ان کے گھر جانے والے شاہ رخ کی سائرہ بانو ساتھ ایسی تصویر سوشل میڈیا پر آئی کہ مداح غصے سے پاگل

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی تجہیزو تکفین میں شرکت پر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ پر سوشل میڈیا صارفین تنقید کررہے ہیں۔ گزشتہ روز شہنشاہ جذبات دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں اپنے چاہنے والوں کو اداس چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سن کر پوری بالی ووڈ انڈسٹری سکتے میں آگئی۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو دلیپ کمار اور سائرہ بانو اپنا منہ بولا بیٹا کہتے تھے اور شاہ رخ خان بھی انہیں اپنے والد کا درجہ دیتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سن کر شاہ رخ خان ان کے گھر سب سے پہلے پہنچنے والے افراد میں شامل تھے۔ شاہ رخ خان دلیپ کمار کے گھر پہنچے اور ایک بیٹے کی طرح سائرہ بانو کو دلاسہ دیتے رہے جب کہ سائرہ بانو بھی کنگ خان کے سامنے رو کر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرتی رہیں۔ دونوں کی ایک دوسرے کو دلاسہ دینے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ شاہ رخ خان کے اس عمل کی وجہ سے انہیں بے حد سراہ رہے ہیں۔

دلیپ کمار نے کتنی فلمیں کیں؟ کتنے ایوارڈز حاصل کیے؟مداحوں کیلئے بڑی خبر آگئی

تاہم کچھ لوگ ان پر تنقید بھی کررہے ہیں۔ چند صارفین سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر پر تنقیدی تبصرے کرتے ہوئے اس بات پر اعتراض کررہے ہیں کہ شاہ رخ خان سائرہ بانو کو دلاسہ دیتے وقت ان کے گھر کے اندر موجود تھے تو اس وقت انہوں نے آنکھوں پر دھوپ کا چشمہ کیوں لگایا ہوا تھا۔ جب کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان نے ماسک نہیں پہنا۔ کچھ لوگوں نے کہا شاہ رخ خان نے اسٹائل مارنے کے لیے گھر کے اندر بھی چشمہ پہنا ہے۔ دوسری جانب بہت سے لوگ شاہ رخ خان کی حمایت میں بھی سامنے آئے اور تنقید کرنے والے صارفین کو جواب دیا کہ آخری رسومات کے وقت کوئی کیسا نظر آتا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہوسکتا ہے وہ اپنی شوٹنگ ادھوری چھوڑ کر آئے ہوں۔ وہ لوگ جو شاہ رخ خان پر تنقید کررہے ہیں اس طرح وہ اپنی چھوٹی سوچ کو ظاہر کررہے ہیں۔ فیروز نامی صارف نے شاہ رخ خان اور سائرہ بانو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کوئی کیسے اس شخص (شاہ رخ خان) سے نفرت کرسکتا ہے؟ انتہائی معزز شخص۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ کے ’ٹریجڈی کنگ‘ دلیپ کمار کو طویل العمری کی وجہ سے چند سال سے سانس لینے میں مشکلات، سینے میں تکلیف، پھیپھڑوں اور گردوں کے مسائل کی وجہ سے اسپتال داخل کرایا جاتا رہا تھا۔ گزشتہ ماہ انہیں ناساز طبیعت کی وجہ سے دو بار اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز وہ جانبر نہ ہوسکے اور اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

FOLLOW US