چنائی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کی فلم انڈسٹری کی 2010کی فلم روبوٹ اب ایسے تنازعے کی وجہ بن گئی ہے کہ عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔فلم پر کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا گیا ہے۔ اس فلم میں تامل انڈسٹری کے معروف اداکار رجنی کانت اور سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے نے مرکزی کردار نبھایا تھا ۔ اور فلم نے باکس آفس پر بھرپور کامیابی سمیٹی تھی۔ ایک مقامی مصنف نےچنائی کے علاقے اگمور کی ایک عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کے ہدایت کار و مصنف ایس شنکر نے اس فلم کا سکرپٹ ان کی لکھی ہوئی ایک کہانی جگوبا سے چوری کیا ہے جو 1996میں لکھی گئی تھی اور پھر اسے 2007میں دوبارہ شائع کیا تھا۔ عدالت کی جانب سے باربار طلبی کے باوجود ہدایتکار ایس شنکر پیش نہیں ہوئے جس کے بعد ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں