Wednesday November 26, 2025

دبئی کا سفر کریں صرف 270 درہم میں ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستانی مسافروں کیلئے زبردست رعایتی پیکجز متعارف کروا دیے

لاہور : دبئی کا سفر کریں صرف 270 درہم میں، ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستانی مسافروں کیلئے زبردست رعایتی پیکجز متعارف کروا دیے، 14 جنوری سے 27 جنوری کے درمیان ایڈوانس بکنگ کروانے والے پاکستانیوں کو اکانومی کلاس کے ٹکٹس پر 15 فیصد جبکہ بزنس کلاس کے ٹکٹس پر 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایمرٹس ائیرلائن کی جانب سے بیرون ممالک سفر کرنے والے پاکستانیوں کیلئے خصوصی رعایتی پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اس پیش کش کے تحت 14 جنوری سے 27 جنوری کے درمیان ایڈوانس بکنگ کروانے والوں کو اکانومی اور بزنس کلاس کے ٹکٹس کی مد میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ یہ پیش کش 17 جنوری سے 30 نومبر کے درمیان سفر کرنے والوں کیلئے ہوگی۔ خصوصی ڈسکاونٹ افریقی، مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کے سفر کیلئے دیا جائے گا۔ خاص کر جو لوگ دبئی کا سفر کرنا چاہتے ہیں وہ اکانومی کلاس میں صرف 270 درہم اور بزنس کلاس میں 620 درہم ادا کر کے سفر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے ایک شخص کو اپنے ساتھ 35 کلو جبکہ بزنس کلاس میں سفر کرنے والے مسافر کو اپنے ساتھ 40 کلو تک کا سامان لے جانے کی اجازت بھی ہوگی۔ اس کے علاوہ دوران سفر 20 ایم بی تک کا مفت وائی فائی انٹرنیٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایمرٹس ائیرلائن ہفتہ وار پاکستان سے کل 67 پروازیں چلاتی ہے۔ یہ پروازیں پاکستان کے 5 شہروں: کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور سیالکوٹ سے چلائی جاتی ہیں۔