لاہور (نیوز ڈیسک ) سردی کی ناقابل برداشت شدت نے لاہوریوں کا حال برا کر دیا، لاہور میں زیادہ سردی پڑنے کا 17 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں ریکارڈ سردی کی شدت نے شہریوں کا حال برا کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لاہور میں اس سے قبل اس قدر شدید سردی 2002 میں پڑی تھی۔بتایا گیا ہے کہ لاہور شہر میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل دسمبر کے ماہ میں سال 2002 میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔
تاہم مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ سال جنوری میں درجہ حرارت گرنے کے امکان نہیں ہے۔ رواں ماہ دھند کے تسلسل اور سورج نہ نکلنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا رہا۔جنوری کے پہلے ہفتے میں بارش کی پیش گوئی ہے تاہم بارش کے بعد دھند کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا اور سردی کی موجودہ شدت بھی برقرار رہے گی۔ دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جس کے بعد سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں سردی نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیااس سے قبل 1999 میں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا تھا۔گزشتہ چند روز سے بلتستان میں شدید سردی ہے اور پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ،بالائی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،شدید سردی کے سبب شمالی علاقوں کے ندی، نالے اور دریا جم گئے ہیں، آئندہ 24 گھنٹے کے بعد موسم میں تبدیلی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے اور آئندہ چوبیس گھنٹوں سے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو ملک کا سرد ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ ٹھنڈ بڑھنے سے بلتستان کے بالائی علاقوں میں شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔