اسلام آباد ( آن لائن) سابق سینئر سفارت کا رعبدالباسط نے بیرونی ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کیلئے نجی محفلوں میں شراب کو ممنوع قراردینے کی تجویز پیش کردی۔سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کے نام پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریاست مدینہ قائم کرنے کی بنیاد اس بات سے رکھی جائے کہ بیرونی ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کو اہم تقریبات میں شراب کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا او ر ملک کے آئین کے تحت شراب کو حرام قراردیا گیا ہے تاہم بیرونی ممالک میں
تعینات پاکستان سفارتکار اپنی سرکاری محفلوں میں سرعام شراب کا استعمال کرتے ہیں۔ عبدالباسط کا کہنا ہے کہ سال 2020ء کا آغاز اس بات سے کیا جائے کہ ریاست مدینہ کا عملی نفاذ کیا جائے اور اس سلسلے میں پاکستانی سفارتکاروںکو ملکی آئین پر عمل درآمد کرنے کی سرکاری حکم نامہ جاری کیاجائے۔ سابق سینئرسفارتکار کا کہنا ہے کہ بیرونی ممالک میں تعیناتی پاکستانی سفارتکار سرکاری بجٹ پر محفلوںمیں شراب کا استعمال کرتے ہیں۔ عبدالباسط نے اپنے سفارتی دور کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور سفیر اور دیگرا ہم عہدے پر تعیناتی کے دوران بھارت سمیت دیگر اہم بیرونی ممالک میں محفلو میں مہمانوںکو شراب پیش نہیں کرتے تھے۔واضع رہے کہ عبدالباسط بھارت ، جرمنی سمیت اہم ممالک میں بطور سفیر پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔