اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر ملکی صحافی کامران خان نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے اربوں روپے لاگت سے تعمیرہونے والا میٹرو بس منصوبہ بھی قومی خزانے پر بوجھ ہی ثابت ہوا ۔ نجی ٹی وی چینل پر معروف صحافی کامران خان کاکہنا ہے کہ ملتان میٹرو بس منصوبے میں عوام کا اظہار عدم دلچسپی خاصا پریشان کن ہے۔ یوں لگتا ہے
کہ ملتان میٹرو بس منصوبے کو بناتے وقت اس کی ضرورت اور افادیت کے پہلوئوں کو مد نظر نہیں رکھا گیا ۔ اور سیاسی نعرے کو تکمیل تک پہنچانے کےلئے جلد بازی میں بنایا گیا ہے ۔ انھوںنے کہا کہ یہ تخمینہ لگایا گیا تھا کہ ملتان کی میٹرو بس میں یومیہ 90ہزار لوگ سفر کریں گے لیکن پتہ چلا ہے کہ سالانہ 40ہزار لوگ بھی بمشکل اس میں سفر کرتے ہیں۔ اس کو فعال بنانے کےلئے زکریا یونیورسٹی تک کی بسیں بند کرنا پڑیں لیکن فائدہ نہیں ہوا۔بسیں خالی چل رہی ہیں۔ بمشکل دو یا تین مسافر سفر کررہے ہوتے ہیں ۔ جس سے پٹرول اور قومی خزانہ ضائع ہو رہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ شہر میں سرائیکی بیلٹ کی محرومی کے طعنے پر کئی پراجیکٹ بن چکے ہیں جن میں فلائی اوورز اور سڑکیں شامل ہیں لیکن میٹرو بس کے روٹس کس ی بھی طرح لوگوں کی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتے ۔ اس لئے ملتان میٹر و بس منصوبہ ایک سفید ہاتھی بن گیا ہے۔