لاہور: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے واٹس ایپ پر گردش کرنے والے جعلی اشتہار کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے ایسا کوئی اشتہار جاری نہیں کیا، عوام ایسے جعلی پیغامات پر توجہ نہ دیں۔ ترجمان پی ٹی اے نے اپنے بیان میں عوام کو مطلع کیا ہے کہ ایک موبائل کمپنی کے حوالے سے وٹس ایپ گروپوں میں گردش کرنے والا اشتہار جعلی ہے، پی ٹی اے نے ایسا کوئی اشتہار جاری نہیں کیا۔
عوام سے گزارش ہے کہ ایسے جعلی پیغامات پر توجہ نہ دیں۔ ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ جعلی پیغامات مزید پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے متعلقہ کمپنی کے صارفین میں تشویش پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پی ٹی اے کے حوالے سے تازہ ترین اور مصدقہ خبروں اور اطلاعات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ یا پی ٹی اے کے ٹویٹر اور فیس بک پیج ملاحظہ کریں۔ واضح رہے گزشتہ روز ایک اشتہار واٹس ایپ پر گردش کر رہا تھا ۔ جس کو پی ٹی اے نے شیئر بھی کیا ہے اور لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ اس کا پی ٹی اے سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ جعلی ہے۔
⚠️Scammers can look or sound very convincing. PTA will never contact you directly by call, through Whatsapp/social media or any other means to register your mobile phone. If you receive a scam message, report number/profile to PTA at https://t.co/T4jCLzegSE or DM us.#BeFraudSmart pic.twitter.com/0zgYSJZqlj
— PTA (@PTAofficialpk) November 23, 2019
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کی جانب سے شہری کا موبائل فون بند کرنے کیخلاف درخواست پرڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے سے 27 نومبر کو دوبارہ جواب طلب کرلیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے عمران جمیل کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیرون ملک سپین سے سام سنگ ایکس میکس موبائل خرید کر لایا، ائیرپورٹ پر ڈیوٹی ادائیگی کے باوجود موبائل فون بند کردیا گیا، درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ٹی اے لاہور ریجنل آفس کی ہدایت پر 36 ہزار 720 روپے ٹیکس بھی ادا کردیا،ٹیکس کی ادائیگی کے باوجود پی ٹی اے نے موبائل فون فنکشنل نہیں کیا، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ٹیکس ادائیگی اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فون بند نہیں کیا جاسکتا، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ڈی جی پی ٹی اے کو موبائل فون فنکشنل کرنے کا حکم دے۔