اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرصحافی راؤف کلاسرا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک سینئر سیاستدان نے برگر نہ کھلانے پر الیکشن سے پہلے پی ٹی آئی چھوڑ دی تھی۔ سینئرصحافی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’پارٹی کے اعلیٰ اجلاس میں 20,25 لوگ موجود تھے لیکن صرف 3برگرز منگوائے گئے۔ عمران خان صاحب، جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی صاحب نے برگر کھائے باقی سب نے منہ دیکھا، اس پر پشتون سیاستدان پارٹی چھوڑ گیا کہ مجھے کہہ دیتے میں سب کے لیے کھانا منگوا دیتا‘۔ یہ دعویٰ انہوں نے اس ٹویٹ کے بعد کیا جس میں ارشاد بھٹی اور عمران خان کی ملاقات کی تصویر شئیر کی گئی تھی جس میں
وزیراعظم عمران خان اور سینیر صحافی ارشاد بھٹی وزیراعظم کے دفتر میں بیٹھے ہوئے ہیں، تصویر میں وزیراعظم کے سامنے ایک کپ پڑا ہے لیکن ارشاد بھٹی کے سامنے کوئی کپ نہیں ہے۔اس تصویر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرے جاری ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے ارشاد بھٹی کو چائے نہیں پلائی۔سینئرصحافی عدیل وڑائچ نے ارشاد بھٹی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسی وجہ سے تو عمران خان لوگوں کو ہضم نہیں ہوتا، چائے تک نہیں ملتی یہاں سے‘‘. ایسا اس لیے کہا جارہا ہے کیونکہ اس تصویر میں ارشاد بھٹی کے سامنے چائے کا کوئی کپ نہیں تھا جبکہ ایک چائے کا کپ وزیراعظم عمران خان سے کچھ دور پڑا ہوا تھا۔اس پر سینئیر صحافی رؤف کلاسرا نے عدیل وڑائچ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستان جیسے معاشرے میں فخر کی بات نہیں سمجھی جاتی کہ اپ کسی کو ملنے کے لیے بلائیں اور کچھ کھلائیں پلائیں ہی نہ، مہمان نوازی اعلی صفت ہے۔ہم نے پڑھا تھا کہ جو کسی کے گھر گیا اور بغیر کھائے پیے واپس گیا تو سمجھیں قبرستان گیا تھا۔ ایسی باتوں کو گلیمرائز نہ کریں۔ہمارے کلچر میں یہ اچھی روایت نہیں ہے‘‘۔ اس کے بعدسینئر صحافی خاورگھمن نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب اس بات کی تشریح یا تصحیح ارشاد بھٹی صاحب ہی کر سکتے ہیں کے کیا یہ چائے کا کپ پہلے سے موجود تھا یا پھر خان صاحب نے صرف ایک ہی کپ منگوایا اور بھٹی صاحب سوکھے پر ہی ملاقات کر آئے‘‘۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ارشاد بھٹی کی وزیراعظم عمران خان سےملاقات ہوئی تو اسکے بعد انہوں نے ایک ٹیوی شو میں ارشاد بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے کافی پلائی او بسکٹ بھی کھلائے۔ ارشاد بھٹی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہت ریلیکس اور پراعتماد تھے ، بات بات پر قہقہے لگارہے تھے۔