اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دعویٰ کیا ہے کہ جسے مٹر چاہئیں وہ آکر ہم سے پانچ روپے فی کلو لے جائے۔ انہوں نے اجلاس میں کہا کہ میں خود سبزیاں بیچتا ہوں۔ خریدار ہم سے مٹر پانچ روپے فی کلو لے جاتے ہیں تاہم وہ مارکیٹ میں لے جا کر اسے 100 روپے میں بیچتے ہیں۔ انہوں نے پیشکش کی کہ جس نے مٹر لینے ہیں وہ ہم سے پانچ روپے فی کلو کے حساب سے لے جائے۔ غلام سرور کے اس بیان کی تصدیق معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنی میڈیا بریفنگ میں بھی کی۔
یاد رہے کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ڈالر سے دوگنا مہنگے ہوجانے والے ٹماٹرکی قیمت سے لاعلم نکلے۔حکومت کی معاشی ٹیم کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے ٹماٹر کی قیمتوں کا معاملہ اٹھایا تو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے فی کلو ہیں، جس نے خریدنے ہیں وہ سبزی منڈی کراچی سے خرید لے۔خیال رہے کہ اس وقت ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت کو پر لگے ہوئے ہیں اور یہ مختلف شہروں میں 250 سے 300 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔ اسی طرح مارکیٹ میں دیگر سبزیاں بھی انتہائی مہنگی ہوچکی ہیں۔ ادرک 400 روپے، پیاز 80 روپے، مٹر 140 اور بھنڈی 150 روپے کلو تک میں فروخت کی جارہی ہے۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے اس بیان کے ردعمل پر رہنما پی ٹی آئی عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ حفیظ بھائی17روپے کلو ٹماٹر والا ایک ٹرک مجھے دلوا دیں ،منافع کو آدھا آدھا بانٹ لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق رہنما پی ٹی آئی عامر لیاقت نے حفیظ شیخ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پیغا م میں کہا ہے کہ حفیظ بھائی17روپے کلو ٹماٹر والا ایک ٹرک مجھے دلوا دیں ، اللہ کی قسم میں خود بیچوں گا ،منافع کو آدھا آدھا بانٹ لیں گے۔