اسلام آباد(ویب ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر حملے کیلئے دہشتگردو ں نے منصوبہ بند ی کرلی، دہشتگرد مولانا کو قتل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں جبکہ حملے کیلئے بارود سے بھری گاڑی بھی استعمال کی جاسکتی ہے.انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں دھرنے کے دوران نامعلوم دہشت گردوں کی طرف سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق دہشت گرد مولانا فضل الرحمان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کر سکتے ہیں جبکہ بارود سے بھری گاڑی بھی حملے میں استعمال ہوسکتی ہے،
انٹیلی جنس اداروں نے دہشت گردوں کی منصوبہ بندی اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی بڑھانے کی سفارش کی ہے اور ان خطرات سے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت کمشنر راولپنڈی اور آئی پی او راولپنڈی کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر محمد اکرم خان درانی نے اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن کا جلسہ(کل) جمعہ کے بعد منعقدہوگا،مولانا فضل الرحمن رش کی بناپر جمعہ کی صبح ہی اسلام آباد پہنچ پائیں گے،قافلوں کی آمد اپنےنظام الاوقات کے مطابق جاری ہے جس میں کوئی ردوبدل نہیں کیاگیا،افواہ ساز فیکٹریوں سے محتاط رہیں، گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکے کی ضرورت ہے جو قوم دینے کیلئے آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینئر اور جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما اکرم خان درانی نے کہا کہ آزادی مارچ جاری ہے، ملک بھر سے قافلے اسلام آباد مسلسل پہنچ رہے ہیں،رہبر کمیٹی کی مشاورت سے اپوزیشن کا جلسہ(کل) جمعہ کے بعد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،مولانا فضل الرحمن بھی رش کی بناپر جمعہ کی صبح ہی اسلام آباد پہنچ پائیں گے، اس لئے جلسہ بھی جمعہ کے دن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قافلوں کی آمد اپنے نظام الاوقات کے مطابق جاری ہے
جس میں کوئی ردوبدل نہیں کیاگیا،افواہ ساز فیکٹریوں سے محتاط رہیں اور اتحاد ویک جہتی سے اصل مقصد پر توجہ مرکوز رکھی جائے۔ اکرم خان درانی نے کہا کہ قوم کی امنگوں، خواہشات اور امیدوں پر پورا اتریں گے، اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،قائدین کی ہدایات واضح ہیں، انہیں پر کاربند رہتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنے بھرپور جذبے اور ولولے اسی انداز میں بلند اور جاری وساری رکھیں،گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکے کی ضرورت ہے جو قوم دینے کیلئے آگئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہاہے کہ جو فیصلہ ایک بار ہوجائے ، وہ تبدیل نہیں ہوتا ، ہم اسلام آباد پہنچ گئے ہیں اور آج ہی جلسہ کریں گے ، رہبر کمیٹی کے فیصلے میں تبدیلی سے ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا ، جلسہ ہوگا ، تقریریں ہونگی اور ہم چلے جائیں گے، اے این پی اسلام آباد پہنچ گئی ہے اور ہم نے آج اپنا جلسہ کرنا ہے ،ہ ہم ہر حال میں جلسہ کریں گے ، جلسے کا یہ پروگرام ہم کو رہبر کمیٹی نے پہلے سے دیا تھا،جلسے جلوس میں کوئی آگے آتاہے اور کوئی پیچھے آتا ہے،یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے ۔دوسری طرف پیپلز پارٹی کے ترجمان مصطفی نوازکھوکھر نے کہا کہ کل کوشش کی جائے گی کہ اپوزیشن کے جلسے میں شرکت کی جائے لیکن بلاول بھٹو زرداری فیصلے کے تحت آج ہی جلسے سے مختصر خطاب کریں گے،مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر شیڈول کے مطابق بلاول بھٹوزرداری نے آج کادن جلسے کے لئے رکھاتھا، کنفیوژن اب تک ہے لیکن بلاول بھٹو زرداری نے فیصلہ کیاہے کہ وہ آج ہی جلسے میں جائیں گے اور شیڈول کے مطابق جلسہ سے خطاب کریں گے ۔