Wednesday January 22, 2025

علاج کیلئے بیرون ملک جائوں گا یا نہیں، رہائی ملنے کے بعد نواز شریف نے اہم اعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس کے بعد انسانی بنیادوں پر ان کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں میاں نوازشریف کی سزا معطلی کی درخواست کو آج ہی سننے کی استدعا کی گئی تھی۔شہبازشریف نے 11 رکنی اسپیشل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کو بھی اپنی درخواست کا حصہ بنایا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژنل بینچ نے

درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت 3 بار وقفہ کیا گیا جس کے بعد عدالت نے سابق وزیراعظم کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عبوری ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کی۔عدالت نے عبوری ضمانت کے لیے 20، 20 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور ان کی ضمانت منگل تک کے لیے منظور کی۔ڈاکٹرز کا علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا مشورہ، نواز شریف ہچکچاہٹ کا شکار، سابق وزیراعظم مریم نواز کی درخواست ضمانت کا فیصلہ آنے تک کوئی فیصلہ کرنے سے گریزاں، ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست دینے کا فیصلہ بھی اگلے ہفتے منگل کے روز کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد مسلم لیگ ن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کیلئے غور و فکر شروع کر دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف پارٹی رہنماوں سے مشاورت کر رہے ہیں کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے درخواست کب دائر کی جائے۔ جبکہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ علاج کیلئے بیرون ملک چلے جائیں۔تاہم نواز شریف اس حوالے سے فوری کوئی فیصلہ لینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اس حوالے سے کوئی فیصلہ لینے سے قبل مریم نواز کی درخواست ضمانت کا فیصلہ آنے کا انتظار کرنا چاہتے ہیں۔

FOLLOW US