لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام نے دین اور دنیا کے امور میں اعتدال کا حکم دیا ہے ، اسلام کا انتہاءپسندی اور انتہاءپسند رویوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ یہ بات امام حرم کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور دیگر قائدین سے مقامی ہوٹل میں ملاقات کے موقع پر کہی ، انہوں نے کہا کہ
مملکت سعودی عرب اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کرنا اپنا اعزاز سمجھتی ہے اور اسی لیے مملکت سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین کہلاوانے پر فخر کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا اتحاد ہی ان کو مسائل سے نکال سکتا ہے ، پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے امام حرم کعبہ کی پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آئمہ حرمین کے پاکستان آنے سے اہل پاکستان کو سعودی عرب اور ارض الحرمین الشریفین کے ساتھ اپنی عقیدت اور محبت کے اظہار موقع ملتا ہے ، پاکستانی قوم ارض الحرمین الشریفین کی سلامتی اور دفاع کو اپنا فخر اور اعزاز سمجھتی ہے اور اس کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ، امام حرم کعبہ آج پاکستان علماءکونسل کی طرف سے دئیے جانے والے عصرانے میں پاکستان علماءکونسل کے مرکزی اور صوبائی قائدین سے بھی خطاب کریں گے ۔