مردان (مانیٹرنگ ڈیسک) چند ہفتے قبل میڈیکل کی ایک طالبہ عاصمہ رانی کو اس کے کزن نے رشتہ سے انکار پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا اور وقوعہ کے چند ہی گھنٹے بعد ملزم سعودی عرب فرار ہو گیا تھا ۔ ملزم کی گرفتاری پاکستانی سکیورٹی فورسز کےلئے بڑا چیلنج بن گئی تھی اور دوسری جانب مقتولہ کے ورثا میں انصاف نہ ملنے پر بے چین تھے ۔ معاملے
پر چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی از خود نوٹس لیا ۔ اور ملزم کی جلد گرفتاری کا حکم دیاتھا ۔ نجی ٹی وی چینل 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملزم مجاہد آفریدی کو انٹر پول نے شارجہ سے گرفتار کر لیا ہے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود نے کہا ہے کہ ملزم کو شارجہ پولیس نے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔ ملزم کی پاکستانی سکیورٹی فورسز کو حوالگی میں کچھ وقت لگ جائے گا ۔ انھوںنے بتایا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی پولیس آپس میں رابطے میں ہیں۔