Monday January 20, 2025

جہانگیرترین اور شاہ محمود قریشی کی صلح کیلئے کوششیں تیز کردی گئیں، کون متحرک ہوگیا؟ بڑی خبر آگئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )تحریک انصاف کے 2بڑوں میں صلح کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ جہانگیر ترین اور شاہ محمودقریشی کے درمیان مصالحت کیلئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور سینیٹر فیصل جاوید خان میدان میں آگئے ہیں۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹر فیصل جاوید خان نے ہفتہ کے روز مصالحتی مشن کے تحت جہانگیر ترین سے ملاقات کی ۔ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ فیصل جاوید اور جہانگیر ترین کی ملاقات

میں ڈیم فنڈ، سیاسی صورتحال اور پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فیصل جاوید خان نے جہانگیر ترین سے کہا کہ آپس کے اختلافات سے کارکن مایوس ہوتے ہیں۔ جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ ان کی جانب سے ایسا کوئی معاملہ نہیں ہے،ہم سب مل کرایک ساتھ کھڑے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید خان مصالحتی مشن کے تحت وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے ان کی دورہ چین سے واپسی کے بعد ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی دونوں رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی قیادت میں 2 دھڑے بنے ہوئے ہیں جو مختلف مواقع پر ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ اسد عمر ، شیریں مزاری اور گورنر پنجاب چوہدری سرور جیسے رہنما وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گروپ کا حصہ ہیں جبکہ فواد چوہدری، فیصل واوڈا سمیت کئی رہنما جہانگیر ترین کے کیمپ میں ہیں۔

FOLLOW US